فیلڈ مارشل سے سعودی، بحرینی کمانڈرز کی ملاقاتیں، دفاعی تعاون، پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 4th, December 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) کمانڈر رائل سعودی فورسز نے گزشتہ روز جی ایچ کیو دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود نے فیلڈ مارشل سے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی پر گفتگو کی گئی۔ پاک سعودی دفاعی تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دیرینہ اور برادرانہ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سعودی کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ سعودی کمانڈر نے پاکستان کے علاقائی امن و استحکام میں مثبت کردار کی تعریف کی کمانڈر رائل سعودی فورسز کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جبکہ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بھی گزشتہ روز جی ایچ کیو کا دورہ کیا، انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ خطے کی سکیورٹی، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور بحرین میں موجود عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بحرین کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، انہوں نے علاقائی امن و استحکام میں پاک فوج کے کردار کو تسلیم کیا۔ آرمی چیف نے پاکستان کو بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ آرمی چیف نے ہر شعبے میں بحرین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔