سینٹ اجلاس: جمہوریت ڈیڈ لاک نہیں، ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے: رانا ثناء
اشاعت کی تاریخ: 6th, December 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار) جمعہ کے روز سینٹ اجلاس شہادت اعوان کی زیرصدات ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کا بل منظور کرلیا گیا۔ بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایوان کو آگاہ کرتے ہیں کہ جن ترامیم پر اعتراض تھا وہ سب واپس لے لی گئی ہیں۔ ادارے کے کسی ملازم کو نوکری سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔ سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ سندھ میں بھی ہوتی ہے۔ سندھ میں گیس لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ انڈسٹری متاثر ہے۔ سندھ اور بلوچستان دونوں صوبوں سے گیس کی پیداوار ہے۔ دونوں صوبوں میں عوام کی سہولیات کے عوامل نہ ہونے کے برابر ہیں۔ سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کا کبھی سوچا ہی نہیں گیا نہ کبھی سوچیں گے۔ اگر آپ سوچتے تو عوام ایک ایک نوالے کیلئے نہیں ترستی۔ کوئٹہ اور گردونواح میں اس وقت منفی درجہ حرارت چل رہا ہے۔ بلوچستان میں پورا پوار دن گیس نہیں ملتی، نہ بجلی دستیاب ہے۔ سینیٹر مسرور احسن نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر خواتین کو ہراساں کرتے ہیں۔ خواتین سٹاف جب اپنے مسائل پر بات کرنے جائیں تو انہیں ہراسگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سینٹر سید وقار مہدی نے عوامی اہمیت کا مسئلہ سینٹ میں اٹھایا۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی فراہم کرنے والی پاکستان کی واحد پرائیویٹ کمپنی ہے۔ ہفتے کے تین سے چار دنوں میں کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ سینٹ اجلاس میں مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایوان سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر مشال یوسفزئی نے ایک بات کی ہے جمہوریت ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے، ڈیڈلاک سے نہیں۔ وزیر اعظم نے دو مرتبہ فلور آف دی ہاؤس بات چیت کیلئے بیٹھنے کا کہا۔ وزیر اعظم نے یہاں تک کہا کہ سپیکر کے چیمبر میں بیٹھ جائیں میں وہاں آجاتا ہوں۔ چودہ اگست کو وزیر اعظم نے کہا آئیں میثاق استحکام پاکستان کر لیں۔ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ آن ریکارڈ ہے کہ وہ ہم سے بات کرنے کو تیار نہیں۔ جن وہ سے بات کرنے کا کہتے ہیں ان سے وہ بات کرنے کو تیار نہیں۔ قیدی سے ملاقات سے متعلق کچھ امور پہلے سے طے ہونے چاہئیں۔ تین روز قبل علیمہ خانم کی ملاقات کروائی جو انہوں نے باہر آکے گفتگو کی، وہ سامنے ہے۔ کسی قیدی کو ریاست کے خلاف تحریک چلانے کے لئے اعلان سے متعلق ملاقاتوں کی اجازت نہیں دے سکتے۔ مذاکرات کا آپشن آج بھی موجود ہے۔ آئیں بیٹھ کر بات کریں تو بات ہو سکتی ہے۔ سینٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
گلگت بلتستان انتخابات کو متنازع بنانے کی ہر کوشش جمہوریت کے خلاف ہے، حلیم عادل شیخ
صدر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کو متنازع بنانے کی کسی بھی کوشش سے گریز کیا جائے اور انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو اپنا ووٹ آزادانہ طور پر استعمال کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور کسی قسم کی مداخلت یا دباؤ جمہوری اقدار کے منافی ہوگا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کا راستہ صرف آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات سے ہو کر گزرتا ہے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی روایت نے ماضی میں پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحرانوں سے دوچار کیا، اس لیے ضروری ہے کہ عوام کے فیصلے کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات میں عوام نے اپنا واضح فیصلہ دیا تھا، تاہم عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔
حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلانے کے مساوی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو ہر قسم کے دباؤ، جانبداری اور غیر ضروری مداخلت سے پاک رکھا جائے تاکہ عوام اپنی مرضی کے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کریں گے، عوام کا فیصلہ ہی جمہوریت اور پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوامی حمایت کے ساتھ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور عوامی خوشحالی ممکن نہیں، لہذا تمام متعلقہ حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ انتخابات مکمل طور پر شفاف اور منصفانہ ہوں اور عوام کے مینڈیٹ کا ہر صورت احترام کیا جائے۔