سندھ: حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ، سخت سکیورٹی انتظامات
اشاعت کی تاریخ: 14th, December 2025 GMT
شکار پور (نیوز ڈیسک) سندھ کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کا دنگل سج گیا، اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
پيپلزپارٹی کے آغا شہباز خان درانی اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مولانا رشد اللہ شاہ سمیت 8 امیدوار میدان میں ہیں، یہ نشست پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں 2 لاکھ 77 ہزار 792 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جن میں ایک لاکھ 48 ہزار 310 مرد جبکہ ایک لاکھ 29 ہزار 482 خواتین ووٹرز شامل ہیں، حلقے میں ٹوٹل 178 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 49 مرد، 49 خواتین اور 80 مشترکہ پولنگ سٹیشنز شامل ہیں، 54 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس اور 84 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔