اندازہ ہے وسائل سے محروم افراد کیلئے علاج کتنا مشکل، خود بھی کینسر کا مریض رہا،وزیر اعظم
اشاعت کی تاریخ: 29th, December 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں کینسر کی تشخیص و علاج کیلئے ہسپتال کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی کام نہیں، مریضوں کے علاج کیلئے 24 گھنٹے سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ وہ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکو لوجی اینڈریڈیو تھراپی (کنور) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، امیر مقام سمیت وفاقی وزراءکے علاوہ آزاد کشمیر کے ارکان اسمبلی، چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمشن، پروفیسرز، سرجنز اور فیکلٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور کینسر کی تشخیص و علاج کیلئے آزاد کشمیر میں بھی ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔ اس سے بڑھ کر انسانیت کی کوئی خدمت ہو نہیں سکتی، پہلے آزاد کشمیر کے مریضوں کو سینکڑوں میل کا سفر کر کے دور دراز کے شہروں میں جانا پڑتا تھا جو تکلیف دہ اور مہنگا تھا۔ انہوں نے اٹامک انرجی کمشن اور ایس پی ڈی کے علاوہ مخیر حضرات اور ڈاکٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ہسپتال کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ خود بھی کینسر کے مریض رہے ہیں اور انکی مشکلات و تکالیف کا احساس ہے، لوگ اس مہنگے مرض کا علاج برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید وسائل اور ذرائع کو بروئے کار لاکر اس مرض کا شکار مریضوں کا علاج معالجہ کیا جائے اور تمام سہولیات کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔ مریضوں کیساتھ ایسا رویہ ہو کہ انہیں حوصلہ ملے اور ان کو علاج کیلئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے تختی کی نقاب کشائی کر کے ہسپتال و میڈیکل کالج کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور نصب مشینری کا بھی معائنہ کیا۔ انہیں مرض کی تشخیص و علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن راجا علی رضا انور نے اپنے استقبالیہ کلمات میں وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایٹمی توانائی کمشن کے کینسر کے علاج کے لیے 21 ہسپتال کام کر رہے ہیں جن میں سے ایک وفاق، 6 پنجاب، 5 خیبر پی کے، 5 سندھ ایک ایک بلوچستان، گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں ہے، سالانہ دس لاکھ مریضوں کا علاج کرتے ہیں، 60 فیصد مریض آخری سٹیج کے ہوتے ہیں۔ اس ہسپتال کے قیام سے مقامی سطح پر علاج ممکن ہو گا ۔ انہوں نے معاونت پر حکومت پاکستان و آزاد جموں و کشمیر، ایس پی ڈی اور شراکت داروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی رافیل ماریانو گروسی نے تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قلات اور کرک میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خوارج کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علاج کیلئے ہسپتال کے علاج کی کہا کہ
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔