ڈیرہ بگٹی، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی بطور سردار دستار بندی
اشاعت کی تاریخ: 29th, December 2025 GMT
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے وعدہ کیا کہ وہ تمام توقعات پر پوری ایمانداری، محنت اور جذبے کیساتھ کھڑے رہینگے اور لوگوں کو مایوس نہیں کرینگے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی بگٹی قبائل کے نئے سردار کی حیثیت سے دستار بندی کر دی گئی۔ ڈیرہ بگٹی میں منعقدہ تقریب میں صوبائی حکومت کے اراکین اور بگٹی قبائل کے عمائدین نے شرکت کی۔ جس میں بگٹی قبیلے کے ذیلی شاخ مسوری سے تعلق رکھنے والے سرفراز بگٹی کی بطور سردار دستار بندی کی گئی۔ صوبائی حکومت کا موقف ہے کہ قبیلہ نے مشترکہ طور پر سرفراز بگٹی کو نیا سردار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنے خاندان، بگٹی قبائل سمیت دیگر قبائل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ دستار جو میرے سر پر رکھی گئی ہے یہ ایک امانت ہے۔ ایسی دستار جو انصاف، بہادری، بھائی چارے، محبت اور اخلاص کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اقوام کی تمام توقعات پر پوری ایمانداری کے ساتھ پوری محنت اور جذبے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ بگٹی قوم نے جس یقین، اعتماد و اعتبار آج اس دستار کی صورت میں میرے سر پر رکھی ہے، یہ دستار اسی صورت میں اسی محبت اور خلوص کے ساتھ صرف اور صرف آپ کی خدمت کرکے اس دستار کا قرض اتارنے کی کوشش کروں گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سرفراز بگٹی
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔