وزیرِ داخلہ کا پولیس فاؤنڈیشن کا دورہ، ملازمین کی فلاح کیلئے اہم اعلانات
اشاعت کی تاریخ: 31st, December 2025 GMT
اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل پولیس فاؤنڈیشن علی ناصر رضوی نے ادارے کی مجموعی کارکردگی اور پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرِ تربیت اے ایس پیز کو ہر سال آسان اور کم اقساط پر پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان بھر سے ہر سال دس انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کو سکالرشپ پر پولیس سے متعلق کورسز کے لیے بیرونِ ملک بھجوایا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پندرہ کانسٹیبلز کے بیٹے یا بیٹیاں جو پاکستان کی بہترین جامعات میں داخلہ حاصل کریں گے، ان کے تعلیمی اخراجات نیشنل پولیس فاؤنڈیشن برداشت کرے گی۔ اس کے علاوہ ہر سال پانچ ایس پی اور ایس ایس پی رینک کے افسران کو مصنوعی ذہانت میں ڈگری کے لیے سکالرشپ پر بیرونِ ملک بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے وسائل میں مزید اضافے کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے ادارے کو خسارے سے نکال کر سرپلس میں لانے پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک انتہائی فعال اور متحرک ادارہ بنانا ہے۔
اجلاس میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سرکاری ملازمین کے سفری اور تفریقی الاؤنس میں اضافے کی منظوری، نئی شرحیں جاری
کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف دینے کے لیے سفری الاؤنس اور تفریقی الاؤنس میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی، جبکہ نئی شرحوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
صوبائی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لیے ریلیف پیکیج، صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے، گورننس اور غذائی تحفظ سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری بھی دی۔
بی پی ایس 1 سے 16 تک ملازمین کے لیے تفریقی الاؤنس
کابینہ نے بی پی ایس 1 سے 16 تک کے ملازمین کے لیے تفریقی الاؤنس 2026 کی منظوری دی ہے۔ یہ الاؤنس منجمد بنیادی پے اسکیل 2022، جو 30 جون 2026 تک نافذ تھا، پر 2 فیصد کی شرح سے ادا کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق اس الاؤنس کا مقصد وہ فرق ختم کرنا ہے جو 2025 میں سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کے مقابلے میں زیادہ تنخواہوں میں اضافے کے باعث پیدا ہوا تھا۔
سفری الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ
سندھ کابینہ نے تمام صوبائی سرکاری ملازمین کے سفری الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کی بھی منظوری دی ہے۔ نئی شرحیں درج ذیل ہوں گی:
گریڈ پرانا الاؤنس نیا الاؤنس
بی پی ایس 1 تا 4 1,785 روپے 2,678 روپے
بی پی ایس 5 تا 10 1,932 روپے 2,898 روپے
بی پی ایس 11 تا 15 2,856 روپے 4,284 روپے
بی پی ایس 16 اور اس سے اوپر 5,000 روپے 7,500 روپے
معذور ملازمین کے لیے خصوصی سہولت
کابینہ نے معذور سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی سفری الاؤنس میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اسے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم معمول کے سفری الاؤنس کے علاوہ ادا کی جائے گی۔
اطلاق کب سے ہوگا؟
حکومت سندھ کے مطابق سفری اور تفریقی الاؤنس سے متعلق تمام منظور شدہ فیصلوں پر یکم جولائی 2026 سے عمل درآمد ہوگا اور یہ موجودہ قواعد و ضوابط کے تحت نافذ رہیں گے۔
دوسری جانب صوبائی کابینہ نے ایگزیکٹو الاؤنس دینے کی تجویز منظور نہیں کی۔ وزیر اطلاعات نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس تجویز پر فی الحال اتفاق نہیں ہو سکا۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بڑھتی مہنگائی کے تناظر میں سرکاری ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنا اور ان کے سفری اخراجات میں کمی لانا ہے، جبکہ آئندہ بھی ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔