جو روٹ نے پونٹنگ کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا، ٹاپ پوزیشن قریب
اشاعت کی تاریخ: 5th, January 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ نے ایک بار پھر اپنی کلاس اور تسلسل کا لوہا منواتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جو روٹ نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کا ریکارڈ برابر کر دیا، جس کے بعد ان کا شمار ٹیسٹ کرکٹ کے عظیم ترین بلے بازوں میں مزید مضبوط ہو گیا ہے۔
سڈنی میں جاری ایشیز سیریز کے آخری مقابلے کی پہلی اننگز میں جو روٹ نے 160 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جس نے نہ صرف انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا بلکہ کرکٹ شائقین کو بھی ان کے عروج کی ایک اور جھلک دکھا دی۔ یہ ان کی آسٹریلیا میں دوسری ٹیسٹ سنچری ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مشکل کنڈیشنز میں بھی خود کو منوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جو روٹ نے آسٹریلوی سرزمین پر اپنی پہلی سنچری بھی اسی ایشیز سیریز کے دوران بنائی تھی، جب انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کے باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا۔ اس تسلسل نے انہیں نہ صرف سیریز کا نمایاں کھلاڑی بنا دیا بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے قد کو بھی مزید بلند کر دیا ہے۔
یہ سنچری جو روٹ کے شاندار کیریئر کی 41ویں ٹیسٹ سنچری ثابت ہوئی، جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں رکی پونٹنگ کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں ان سے آگے صرف 2 عظیم بلے باز موجود ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جو روٹ کس قدر بلند مقام تک پہنچ چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں 14 ہزار رنز مکمل کرنے سے بھی محض 63 رنز کی دوری پر ہیں، جو ایک اور تاریخی سنگ میل ہے۔ اس کے علاوہ آل ٹائم ٹاپ اسکورر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے انہیں مزید 1985 رنز درکار ہیں، جو ان کے موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے ناممکن دکھائی نہیں دیتا۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جو روٹ کی سب سے بڑی طاقت ان کا تسلسل، فٹنس اور کھیل کے لیے غیر معمولی وابستگی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگرچہ انہوں نے کیریئر کے طویل مراحل طے کر لیے ہیں، مگر ان کی ریٹائرمنٹ کا کوئی فوری ارادہ نظر نہیں آتا۔ اطلاعات کے مطابق جو روٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے بعد اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ٹیسٹ کرکٹ جو روٹ نے
پڑھیں:
توشہ خانہ ریکارڈ، وزیراعظم اور اسحاق ڈار کے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد(رضوان عباسی ): توشہ خانہ ریکارڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو اپریل سے جون 2026 کے دوران مختلف غیر ملکی شخصیات اور وفود کی جانب سے ملنے والے سرکاری تحائف کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں موصول ہونے والے تمام سرکاری تحائف توشہ خانہ قواعد کے تحت کابینہ ڈویژن میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ان کی مالیت کے تعین (ویلیوایشن) کا عمل تاحال جاری ہے۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف ممالک کے سربراہان، اعلیٰ حکام اور سرکاری وفود کی جانب سے متعدد یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ ان میں شوگر باؤل، گاڑی کا فریم شدہ ماڈل، شیلڈز، قیمتی قلم، کف لنکس، ٹائی، کافی کپ اور واٹر گلاس سیٹ، چائے کے کپ اور ساسرز، آرائشی واز، ایرانی فیروزہ اِنلے دستکاری پر مشتمل پانچ پیس سیٹ، روایتی چینی اسکرول پینٹنگ، چائنا اسپیس اسٹیشن کا ماڈل اور دیگر سووینئرز شامل ہیں۔
اسی طرح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی مختلف ممالک کی جانب سے متعدد سرکاری تحائف دیے گئے، جن میں مصری طرز کا مجسمہ، مسجد نبوی ﷺ کا ماڈل، کف لنکس اور دیگر یادگاری اشیا شامل ہیں۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی چیف آف پروٹوکول محمد ارسلان میر کو ایک قیمتی ڈائمنڈ کلیکشن رسٹ واچ بطور سرکاری تحفہ موصول ہوئی، جس کی مالیت کا تعین بھی جاری ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق توشہ خانہ ریکارڈ میں شامل تمام تحائف متعلقہ قوانین اور قواعد کے مطابق وصول کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویلیوایشن مکمل ہونے کے بعد توشہ خانہ رولز کے مطابق آئندہ کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تحائف کی مالیت کا تعین مکمل ہونے کے بعد قواعد کے مطابق یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ متعلقہ حکام ان تحائف کو اپنے پاس رکھ سکتے ہیں یا انہیں سرکاری تحویل میں برقرار رکھا جائے گا۔