عوامی دہلیز پر صحت سہولیات، کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کا اجراء
اشاعت کی تاریخ: 7th, January 2026 GMT
لاہور:(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے پہلے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کا شاندار آغاز کیا، جس کا مقصد ہر گھر تک صحت کی سہولیات پہنچانا اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کو ممکن بنانا ہے۔پنجاب ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں صوبے بھر سے 55 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیڈیم کے ٹریک پر طویل چکر لگا کر ہر ضلع سے آنے والی انسپکٹرز کا خیر مقدم کیا اور ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’جب مائیں، بہنیں اور بیٹیاں میدانِ عمل میں نکل آئیں تو پنجاب کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔ پنجاب کی بیٹیاں اس صوبے کی تقدیر بدل دیں گی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ 25 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز فیلڈ میں نکلیں گی اور گھروں تک جا کر بیماریوں کی شناخت اور ابتدائی علاج فراہم کریں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اب بیماری کا انتظار نہیں کرے گی بلکہ خود گھر گھر جا کر احتیاطی تدابیر اور تشخیص فراہم کرے گی۔ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز بلڈ شوگر، ابتدائی تشخیصی ٹیسٹ اور انجکشن بھی فراہم کر سکیں گی جبکہ ہر گھر کا ڈیجیٹل ہیلتھ پروفائل تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت 25 ہزار افراد کو روزگار ملا ہے اور ہر کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر کو 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے، جبکہ کارکردگی بہتر ہونے پر تنخواہ میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کو مشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوکری نہیں بلکہ خدمت کا جذبہ ہے، اور قوم کی بیٹیاں گھروں میں جا کر عوام کی خدمت کریں گی، ان کی عزت سب پر فرض ہے۔
تقریب کے دوران آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، بینڈ کی دھنوں پر انسپکٹرز نے مارچ پاسٹ کیا، اور موبائل فون کی لائٹس روشن کر کے مہمانوں کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے بھی پرجوش خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کی حکومت پرو ایکٹو گورننس پر یقین رکھتی ہے اور ہر شہری تک صحت کی جدید سہولتیں پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
قادر آباد بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، چناب میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا
محکمہ انہار کے مطابق قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 45 ہزار 234 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 41 ہزار 415 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ اسلام ٹائمز۔ دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد قادر آباد بیراج پر اونچے جبکہ مرالہ اور خانکی بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد ایک لاکھ 95 ہزار 856 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 60 ہزار 108 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خانکی بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 65 ہزار 438 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 60 ہزار 108 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 45 ہزار 234 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 41 ہزار 415 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔