دہلی کے رام لیلا میدان میں واقع مسجد کے قریب انسدادِ تجاوزات مہم کے دوران تشدد، 5 افراد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 7th, January 2026 GMT
پولیس کے مطابق مہم کے دوران اچانک کچھ افراد نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور شیشے کی بوتلیں پھینکیں، جسکے نتیجے میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ اسلام ٹائمز۔ دہلی کے رام لیلا میدان علاقے میں سید فیض الٰہی مسجد کے قریب انسدادِ تجاوزات مہم کے دوران پیش آئے تشدد کے واقعے پر دہلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی عدالت کے حکم پر دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مساجد اور قریبی قبرستان سے متصل زمین پر جاری تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران کی جا رہی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق مہم کے دوران اچانک کچھ افراد نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور شیشے کی بوتلیں پھینکیں، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ حالات پر قابو پانے کے لئے پولیس کو آنسو گیس کے گولے استعمال کرنے پڑے، جس کے بعد بھیڑ کو منتشر کیا گیا اور علاقے میں نظم و ضبط بحال کیا گیا۔
اس معاملے پر جوائنٹ کمشنر پولیس، سینٹرل، مدھو ورما نے بتایا کہ دہلی پولیس نے کارروائی سے قبل متعدد احتیاطی اقدامات کئے تھے۔ امن کمیٹی، شہری دفاع کمیٹی اور مسجد کے ذمہ داران کے ساتھ باقاعدہ میٹنگیں کی گئیں اور واضح کیا گیا تھا کہ یہ کارروائی مکمل طور پر قانونی ہے اور اسے کسی بھی قسم کا رنگ یا نام نہیں دیا جانا چاہیئے۔ اس کے باوجود کچھ مشتعل افراد موقع پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ آیا یہ افراد پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت آئے تھے یا نہیں، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سینٹرل ضلع کا اسپیشل اسٹاف تفتیش کر رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ پانچ افراد کو پوچھ تاچھ اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے شناخت کی غرض سے حراست میں لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے میں نصب کیمروں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کا بھی تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ تشدد میں شامل دیگر افراد کی شناخت کی جا سکے۔ حراست میں لئے گئے افراد اور عینی شاہدین کے بیانات بھی درج کئے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا تشدد اچانک بھڑکا یا یہ انسدادِ تجاوزات مہم کو متاثر کرنے کی سوچی سمجھی کوشش تھی۔ واقعے کے بعد علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سرکاری ملازم کو اس کے فرائض کی انجام دہی سے روکنا، حملہ کرنا، جان بوجھ کر چوٹ پہنچانا، فساد اور سرکاری احکامات کی نافرمانی شامل ہیں، اس کے علاوہ عوامی املاک کو نقصان پہنچانے سے روکنے کے قانون کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔ دہلی میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر نے وضاحت کی کہ کارروائی کے دوران سید فیض الٰہی مسجد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ان کے مطابق یہ مہم دہلی ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں انجام دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ کارروائی کے لئے تقریباً 30 بلڈوزر اور 50 ڈمپر تعینات کئے گئے تھے اور یہ مہم رات بھر جاری رہی، جس میں 300 سے زائد اہلکار شامل تھے۔ پولیس نے کہا ہے کہ علاقے میں حالات قابو میں ہیں اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مہم کے دوران علاقے میں کے مطابق پولیس نے کیا گیا ہے اور جا رہی
پڑھیں:
اٹلی میں4 پاکستانیوں کے قتل کے الزام میں 2 پاکستانی گرفتار
روم(ڈیلی پاکستان آن لائن)اٹلی میں 4 پاکستانیوں کے قتل کے الزام میں 2 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔اطالوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی اٹلی کے علاقے کیلابریا میں پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق مرنے والے چاروں افراد کا تعلق پاکستان سے تھا اور وہ ایک زرعی فارم میں کام کرتے تھے۔ چاروں افراد کی لاشیں ایک جلی ہوئی وین کے اندر سے برآمد کی گئیں۔فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق واقعےکے بعد پولیس نے تحقیقات کیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، دونوں ملزمان بھی پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔دوسری جناب ترجمان دفترخارجہ نے جنوبی اٹلی میں 4 پاکستانیوں کے مبینہ قتل پر ردعمل میں کہا ہےکہ اطلاع ہےکہ اٹلی میں جاں بحق افرادکا تعلق پاکستانی نژاد خاندانوں سے ہے، جاں بحق ہونے والوں کی درست شہریت کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی۔ترجمان کے مطابق مقامی پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، ان میں فرانزک شواہد کا جائزہ بھی شامل ہے، اٹلی میں پاکستانی سفارتخانہ اس معاملے کی پیروی کر رہا ہے، اٹلی میں پاکستانی سفارتخانہ مزید پیشرفت کے لیے مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
بجٹ 2026-27 ، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ اکنامکس نے کم از کم ماہانہ اجرت 45 ہزار روپے مقرر کرنے کی سفارش کردی
مزید :