پاکستان سپر لیگ، 2 نئی ٹیمیں حیدرآباد 175، سیالکوٹ 185 کروڑ روپے میں فروخت
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2026 GMT
لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل ہوا، جہاں ساتویں فرنچائز ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خرید لی جبکہ آٹھویں فرنچائز کو اوزیڈ ڈویلپرز نے ریکارڈ 185 کروڑ روپے میں خرید لیا۔ پی ایس ایل میں دو نئی فرنچائز شامل کرنے کیلئے بولی کا عمل اسلام آباد جناح کنونشن میں ہوا۔ علی ترین گروپ نیلامی سے عین وقت پر دست بردار ہوگیا۔ 9 گروپس نیلامی میں شریک ہوئے۔ ساتویں فرنچائز کی نیلامی کیلئے اولین رقم ایک ارب 10 کروڑ روپے رکھی گئی۔ آئی ٹو سی گروپ کی جانب سے ایک ارب 55 کروڑ روپے کی بولی دی گئی، پرزم گروپ نے پانچ منٹ کے وقفے کے بعد مزید بولی بڑھانے سے معذرت کر لی۔ ایف کے ایس نے بولی میں 13 کروڑ کا اضافہ کیا جس پر بولی 1ارب 68 کروڑ تک پہنچ گئی۔ آئی ٹو سی نے نئی پی ایس ایل ٹیم کیلئے 1 ارب 70 کروڑ کی بولی لگا دی تاہم ایف کے ایس گروپ نے 1 ارب 75 کروڑ کی بولی لگا کر ساتویں فرنچائز کی نیلامی جیت لی اور اس فرنچائز کا نام حیدرآباد رکھنے کا اعلان کیا۔ پی ایس ایل کی آٹھویںٹیم کیلئے 170 کروڑ بیس لاکھ روپے پرائز رکھی گئی، آئی ٹو سی گروپ نے 172 کروڑ روپے کی آفر کی، جس کے جواب میں ایم نیکسٹ گروپ نے 173 کروڑ روپے کی پیشکش کر دی تاہم آئی ٹو سی نے اس کے بعد وقفہ لیا۔ ایم نیکسٹ نے وقفے کے بعد 176 کروڑ کی بولی لگا دی، اوزیڈ ڈویلپرز نے 178 کروڑ کی پیشکش کر دی۔ آئی ٹو سی نے 180 کروڑ روپے کی بولی لگادی جبکہ اوزیڈ ڈویلپرز نے وقفہ لے لیا اور واپسی پر 181 کروڑ روپے کی بولی لگا دی جبکہ آئی ٹو سی نے 182 کروڑ کی پیشکش کر دی۔ اوزیڈ ڈیولپرز نے بولی میں بڑی چھلانگ لگائی اور پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کیلئے سب سے زیادہ 185 کروڑ روپے کی بولی لگا دی اور لیگ کی مہنگی ترین ٹیم خرید لی۔ ریکارڈ بولی کے حوالے سے اوزیڈ ڈویلپرز کے حمزہ مجید نے بتایا کہ پہلے سے منصوبہ بندی تھی لیکن فیصلہ عین وقت پر ہوا، ایک بجٹ تھا لیکن بجٹ ذرا اوپر گیا لیکن ہمیں جیت کر جانا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کا نام سیالکوٹ ہو گا۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے ساتویں فرنچائز ایف کے ایس گروپ اور اوزیڈ ڈویلپرز کے حمزہ مجید کو آٹھویں ٹیم کی چابی تھما دی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی نیلامی ہوئی۔ عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان میں کرکٹ ترقی کر رہی ہے، یہ کامیابی صرف پی سی بی کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے۔ نیلامی معمولی نہیں تھی یہ پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد ہے، یہ کوئی معمولی رقم نہیں ہے یہ عوام کا کرکٹ سے لگاؤ اور محبت کی عکاس ہے۔ پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم دس سال معاہدے کے تحت نیلام کی گئیں۔ ٹیمیں سالانہ فیس ادا کر کے معاہدہ تجدید کروائیں گی۔ 175 کروڑ اور 185 کروڑ ایک سال کی فیس ہے۔ نیلامی سے پی سی بی کو 36 ارب روپے ملیں گے، نیلامی میں چار سے پانچ کمپنیاں امریکہ سے آئی تھیں یہ رقم پاکستان میں سپورٹس کی مد میں خرچ ہوگی، کامیاب بڈرز میں ایک کمپنی امریکہ دوسری آسٹریلیا سے ہے۔ نیلامی میں موجود افراد کو یقین دلاتا ہوں ابھی بہت مواقع ہیں، ملک کا جو نقشہ ہمارے ذہنوں میں بنا ہوا ہے پاکستان کو وہاں تک لے کر جائیں گے۔ پی سی بی اور تمام پی ایس ایل ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ کامیابی پاکستان اور پی سی بی کی کامیابی ہے، میں ٹیم خریدنے والے ایف کے ایس گروپ کے فواد سرور اور او زی گروپ کے حمزہ مجید کو مبارکباد دیتا ہوں، میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ پی ایس ایل کیلئے تاریخی لمحہ ہے۔ پی ایس ایل صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے یہ لیگ ہمیں بہت عزیز ہے۔ ہمارے جذبات پی ایس ایل سے وابستہ ہیں، یہ کرکٹ سے پیار کرنے والوں کی جیت ہے۔ نئی فرنچائز کے مالکان نے پی سی بی پہ اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کیلئے مشکور ہیں۔ یہ کامیابی پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے جن لوگوں نے اس عمل میں حصہ لیا ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ اعتماد پاکستان پہ اعتماد ہے۔ کرکٹ سے لگاؤ اور پاکستان سے محبت کا اظہار ہے، ہم سب مل کر اس ملک کو وہاں تک لے کر جائیں گے جو ہم نے ذہن میں خاکہ بنا رکھا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستان میں سریے کی قیمت آج 23 جولائی 2026، تازہ ریٹس جاری
اسلام آباد: پاکستان میں سریے کی قیمت جمعرات 23 جولائی 2026 کو مجموعی طور پر مستحکم رہی، تاہم مختلف برانڈز اور گریڈز کے لحاظ سے معمولی فرق دیکھا گیا۔ تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے جاری کردہ تازہ مارکیٹ اپ ڈیٹ کے مطابق ملک بھر میں سریے کی قیمت 258 روپے سے 265 روپے فی کلوگرام کے درمیان برقرار ہے۔
تعمیراتی ماہرین کے مطابق رہائشی اور کمرشل منصوبوں میں سب سے زیادہ گریڈ 40 اور گریڈ 60 سریا استعمال کیا جاتا ہے، کیونکہ یہ مضبوطی اور معیار کے لحاظ سے موزوں تصور کیے جاتے ہیں۔
پاکستان میں سریے کے تازہ ریٹس
سریے کا گریڈ قیمت (روپے فی کلوگرام)
گریڈ 40 260 روپے
گریڈ 60 265 روپے
مارکیٹ ریٹ 258 سے 265 روپے
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سریے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کئی عوامل سے متاثر ہوتا ہے، جن میں خام مال کی قیمت، بجلی اور گیس کے نرخ، ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور تعمیراتی شعبے کی مجموعی طلب شامل ہیں۔
انہوں نے خریداروں اور بلڈرز کو مشورہ دیا ہے کہ بڑی مقدار میں سریا خریدنے سے قبل مقامی ڈیلرز سے تازہ نرخ ضرور معلوم کریں، کیونکہ مختلف شہروں، برانڈز اور مینوفیکچررز کے لحاظ سے قیمتوں میں معمولی فرق ہو سکتا ہے۔
تعمیراتی صنعت سے وابستہ ماہرین کے مطابق اگر خام مال یا توانائی کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی آتی ہے تو آئندہ دنوں میں پاکستان میں سریے کی قیمت بھی متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے مارکیٹ کی صورتحال پر نظر رکھنا ضروری ہے۔