فرانزک تحقیقات سے ثابت ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ سیاسی ہدایات پر ہوا: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2026 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی دھمکیوں، انتشار اور سازشوں کے باوجود پاکستان مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ معیشت مستحکم ہو رہی ہے، مہنگائی میں واضح کمی آ رہی ہے، انہوں نے کہا ملکی معاشی استحکام، مضبوط انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں مسلم لیگ (ن) کا کردار نمایاں اور قابلِ فخر ہے۔ عظمٰی بخاری نے کہا پی ٹی آئی کا طرزِ سیاست دنگا، فساد اور توڑ پھوڑ پر مبنی رہا ہے، اور اس جماعت کی کارکردگی صفر رہی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ حالیہ دنوں کراچی میں وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے میڈیا پر پتھراؤ کیا اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، جو ان کے انتشار پسند رویے کا واضح ثبوت ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی جامع اور آزاد تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ 9 مئی کو پشاور میں ریڈیو پاکستان پر ہونے والا حملہ ایک منظم اور منصوبہ بند کارروائی تھی۔ فرانزک رپورٹ کے مطابق آڈیو اور ویڈیو مواد کا فریم بہ فریم تجزیہ کیا گیا اور تمام شواہد دستاویزی صورت میں عدالت میں جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ فرانزک رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ سہیل آفریدی، کامران بنگش، تیمور جھگڑا، عرفان سلیم اور آئی ایس ایف کے عامر چمکنی ریڈیو پاکستان پر حملے، آتش زنی اور سرکاری املاک کی تباہی میں براہِ راست ملوث تھے۔ ان افراد کی شناخت ویڈیوز میں موجود چہروں کو ان کی سرکاری اور عوامی پروفائل تصاویر سے میچ کر کے کی گئی۔ عظمٰی بخاری نے واضح کیا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی، جس کا ہدف ریاستِ پاکستان، قومی ادارے اور عوامی املاک تھے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ریاست کسی سیاسی جماعت یا گروہ کو قومی اداروں، عوامی املاک اور ملکی وقار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کیس اس وقت پشاور کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور شواہد کی بنیاد پر سخت قانونی کارروائی، حتیٰ کہ نااہلی جیسے اقدامات بھی متوقع ہیں۔ پی ٹی آئی کی اندرونی انکوائری خود کو بری الذمہ ثابت کرنے میں ناکام رہی، جبکہ آزاد فرانزک شواہد نے ان کے تمام دعوؤں کی نفی کر دی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کراچی میں میڈیا پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا عوام اب ایسے ہتھکنڈوں کو بخوبی پہچان چکے ہیں۔ عظمٰی بخاری نے زور دیا کہ 9 مئی کے واقعات کبھی فراموش نہیں کیے جائیں گے اور تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔