اسپتال کی اے آئی تجربہ گاہ: علاج میں انقلاب یا نئے خطرات
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
260114-03-5
یہ حقیقت اب کسی قیاس یا سائنسی فکشن تک محدود نہیں رہی کہ جدید اسپتال تیزی سے مصنوعی ذہانت کی عملی تجربہ گاہوں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ جہاں کبھی سفید کوٹ، تجربہ کار ہاتھ اور برسوں کی طبی بصیرت علاج کا مرکز ہوا کرتی تھی، وہاں اب الگورتھم، ڈیٹا سیٹس اور مشین لرننگ ماڈلز خاموشی سے فیصلوں کی رفتار اور سمت پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ علاج کے عمل میں یہ تبدیلی بیک وقت امید افزا بھی ہے اور فکری اضطراب کا باعث بھی، کیونکہ ایک طرف مصنوعی ذہانت انسانی کمزوریوں کو سہارا دے رہی ہے تو دوسری جانب خود اپنی خامیوں کے باعث نئے خطرات کو جنم دے رہی ہے۔
دنیا کے ممتاز طبی اداروں میں آج اے آئی کو محض ایک معاون ٹیکنالوجی نہیں بلکہ ایک فعال شریک کے طور پر آزمایا جا رہا ہے۔ مریضوں کے ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کی تشریح ہو یا لیبارٹری رپورٹوں کی تیاری، ڈاکٹروں کے طویل نوٹس کو مختصر اور مربوط شکل دینا ہو یا انشورنس کمپنیوں کے سخت گیر نظام کے خلاف اپیلیں تحریر کرنا ہوں، ہر مرحلے پر مصنوعی ذہانت اپنی موجودگی کا احساس دلا رہی ہے۔ اس کا سب سے نمایاں اثر ریڈیولوجی میں دیکھا جا سکتا ہے جہاں مشینیں چند سیکنڈز میں وہ باریک نقوش دیکھ لیتی ہیں جو بعض اوقات انسانی آنکھ سے اوجھل رہ جاتے ہیں۔ خصوصاً چھاتی کے کینسر جیسی بیماریوں میں، جہاں ابتدائی مرحلے کی خاموش علامات زندگی اور موت کے درمیان فرق پیدا کر سکتی ہیں، اے آئی کی تشخیص نے ایک نئی امید کو جنم دیا ہے۔ تاہم یہ تصویر جتنی روشن دکھائی دیتی ہے، اس کے سائے بھی اتنے ہی گہرے ہیں۔ طبی ماہرین کا متفقہ مؤقف ہے کہ مصنوعی ذہانت اپنی تمام تر تیزی اور حسابی مہارت کے باوجود انسانی فیصلے کا متبادل نہیں بن سکتی۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اے آئی اپنا فہم نہیں رکھتی بلکہ وہ ڈیٹا کے نمونوں پر انحصار کرتی ہے۔ اگر یہ ڈیٹا جانبدار، نامکمل یا مخصوص آبادی تک محدود ہو تو نتائج بھی اسی تعصب کے حامل ہوں گے۔ یوں ایک غلط الگورتھم سیکڑوں مریضوں کے لیے غلط سمت کا تعین کر سکتا ہے، اور یہی وہ مقام ہے جہاں سہولت خطرے میں بدل جاتی ہے۔
امریکا میں صحت کے شعبے میں اے آئی کے پھیلاؤ کی رفتار اس حقیقت کی غماز ہے کہ طبی نظام دباؤ میں ہے۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد، ڈاکٹروں کی قلت، علاج کے بڑھتے اخراجات اور انشورنس نظام کی پیچیدگیاں ایسے عوامل ہیں جنہوں نے اسپتالوں کو ٹیکنالوجی کی طرف مائل کیا۔ تازہ اعدادو شمار بتاتے ہیں کہ صحت کے نظام سے وابستہ تقریباً ایک تہائی ادارے باقاعدہ طور پر کمرشل اے آئی لائسنس خرید چکے ہیں، جو مجموعی معیشت میں اس ٹیکنالوجی کو اپنانے کی شرح سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ فرق واضح کرتا ہے کہ طب میں اے آئی کو ایک تعیش نہیں بلکہ ضرورت سمجھا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود سوال یہ ہے کہ کیا رفتار ہمیشہ درستی کی ضمانت ہوتی ہے؟ کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں جہاں مصنوعی ذہانت نے مریض کی حالت کو غلط انداز میں پیش کیا یا خطرے کی سطح کو کم یا زیادہ ظاہر کیا۔ بعض نظام ایسے مریضوں کو کم ترجیح دیتے پائے گئے جن کا تعلق مخصوص نسلی یا سماجی گروہوں سے تھا، کیونکہ تربیتی ڈیٹا میں ان کی نمائندگی کم تھی۔ یہ خامیاں محض تکنیکی نہیں بلکہ اخلاقی نوعیت کی ہیں، جو طب جیسے حساس شعبے میں سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔اسی لیے ڈاکٹرز اور پالیسی ساز اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کو فیصلہ ساز کے بجائے فیصلہ معاون کے طور پر رکھا جائے۔ انسانی نگرانی، اخلاقی اصولوں کی پابندی اور شفافیت وہ ستون ہیں جن کے بغیر یہ ٹیکنالوجی فائدے کے بجائے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ ایک تجربہ کار معالج کی بصیرت، مریض کی کیفیت کو سمجھنے کی صلاحیت اور انسانی ہمدردی وہ عناصر ہیں جو کسی بھی مشین میں مکمل طور پر منتقل نہیں کیے جا سکتے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت نے ڈاکٹروں کے لیے بھی ایک نیا سوال کھڑا کر دیا ہے: کیا وہ خود کو اس ٹیکنالوجی کے مطابق ڈھالیں گے یا اس کے سامنے مزاحمت کریں گے؟ حقیقت یہ ہے کہ جدید طب میں کامیاب وہی ہوگا جو دونوں کے درمیان توازن قائم کر سکے۔ نہ اندھی تقلید، نہ مکمل انکار۔ اے آئی کی قوت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی حدود کا ادراک ہی مستقبل کی محفوظ راہ ہے۔ یوں اسپتال واقعی ایک ایسی تجربہ گاہ بن چکے ہیں جہاں انسانی عقل اور مصنوعی ذہانت آمنے سامنے نہیں بلکہ شانہ بشانہ آزمائش کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ اگر یہ تجربہ دانش، احتیاط اور اخلاقی بصیرت کے ساتھ آگے بڑھا تو علاج تیز، مؤثر اور زیادہ منصفانہ ہو سکتا ہے۔ اور اگر اس میں غفلت یا حد سے زیادہ اعتماد شامل ہو گیا تو یہی ٹیکنالوجی صحت کے نظام کے لیے ایک نیا بحران بھی پیدا کر سکتی ہے۔ فیصلہ اب انسان کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اس طاقتور آلے کو کس سمت میں استعمال کرتا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: مصنوعی ذہانت ا نہیں بلکہ یہ ہے کہ رہے ہیں اے ا ئی
پڑھیں:
اوباڑو : تیز آندھی اور بارش کے باعث مختلف حادثات میں 50 کے قریب افراد زخمی
سٹی 42 : اوباڑو اور گردونواح میں تیز آندھی اور بارش کے باعث مختلف حادثات میں 50 کے قریب افراد زخمی ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، تعلقہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر اوباڑو کی ہدایت پر اسپتال کے تمام عملے کو الرٹ کر دیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خاتون کے مبینہ اغوا کیس میں نیا موڑ، پولیس تفتیش میں اہم انکشافات
اسسٹنٹ کمشنر صحیب الاہی کا کہنا ہےکہ شدید آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں حادثات پیش آئے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔