پنجاب: سرکاری محکموں میں پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2026 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اس کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق آئندہ صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خریدی جا سکیں گی، فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیاں پابندی سے مستثنیٰ ہیں، نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی 2026 کا جلد اعلان ہوگا۔
نئے پٹرول پمپس کے این او سی جاری
دوسری جانب پنجاب حکومت نے 31 شہروں میں 170 نئے پٹرول پمپس کے این او سی جاری کر دیئے، 170 نئے پٹرول پمپس کیلئے ای بز پورٹل کے ذریعے این او سیز جاری کئے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ نئے پٹرول پمپس کیلئے این او سی کی منظوری اب الیکٹرک چارجنگ یونٹ لگانے سے مشروط ہوگی، کسی بھی نئے پٹرول پمپ کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ کی تنصیب کے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کیلئے ’’گرین انرجی‘‘ کا فروغ ترجیح ہے، صوبہ میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔
فیصل آباد میں 29، لاہور 14، بہاولپور 10، خانیوال، بہاولنگر میں 9 نئے پٹرول پمپس کو الیکٹرک چارجنگ کی سہولت فراہم کرنے کا پابند کیا گیا، راولپنڈی، جھنگ میں 8، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7 نئے پٹرول پمپس کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ لگانے کی شرط پر منظوری دی گئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: الیکٹرک چارجنگ نئے پٹرول پمپس پنجاب حکومت
پڑھیں:
سرکاری ملازمین کے سفری اور تفریقی الاؤنس میں اضافے کی منظوری، نئی شرحیں جاری
کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف دینے کے لیے سفری الاؤنس اور تفریقی الاؤنس میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی، جبکہ نئی شرحوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
صوبائی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لیے ریلیف پیکیج، صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے، گورننس اور غذائی تحفظ سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری بھی دی۔
بی پی ایس 1 سے 16 تک ملازمین کے لیے تفریقی الاؤنس
کابینہ نے بی پی ایس 1 سے 16 تک کے ملازمین کے لیے تفریقی الاؤنس 2026 کی منظوری دی ہے۔ یہ الاؤنس منجمد بنیادی پے اسکیل 2022، جو 30 جون 2026 تک نافذ تھا، پر 2 فیصد کی شرح سے ادا کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق اس الاؤنس کا مقصد وہ فرق ختم کرنا ہے جو 2025 میں سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کے مقابلے میں زیادہ تنخواہوں میں اضافے کے باعث پیدا ہوا تھا۔
سفری الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ
سندھ کابینہ نے تمام صوبائی سرکاری ملازمین کے سفری الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کی بھی منظوری دی ہے۔ نئی شرحیں درج ذیل ہوں گی:
گریڈ پرانا الاؤنس نیا الاؤنس
بی پی ایس 1 تا 4 1,785 روپے 2,678 روپے
بی پی ایس 5 تا 10 1,932 روپے 2,898 روپے
بی پی ایس 11 تا 15 2,856 روپے 4,284 روپے
بی پی ایس 16 اور اس سے اوپر 5,000 روپے 7,500 روپے
معذور ملازمین کے لیے خصوصی سہولت
کابینہ نے معذور سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی سفری الاؤنس میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اسے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم معمول کے سفری الاؤنس کے علاوہ ادا کی جائے گی۔
اطلاق کب سے ہوگا؟
حکومت سندھ کے مطابق سفری اور تفریقی الاؤنس سے متعلق تمام منظور شدہ فیصلوں پر یکم جولائی 2026 سے عمل درآمد ہوگا اور یہ موجودہ قواعد و ضوابط کے تحت نافذ رہیں گے۔
دوسری جانب صوبائی کابینہ نے ایگزیکٹو الاؤنس دینے کی تجویز منظور نہیں کی۔ وزیر اطلاعات نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس تجویز پر فی الحال اتفاق نہیں ہو سکا۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بڑھتی مہنگائی کے تناظر میں سرکاری ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنا اور ان کے سفری اخراجات میں کمی لانا ہے، جبکہ آئندہ بھی ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔