سیکرٹری فنانس ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں، عمران نذیر
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2026 GMT
لاہور:(نیوزڈیسک) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آؤٹ سورس ہسپتالوں کی سیکیورٹی اور جینیٹوریل سٹاف کی تنخواہوں سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی مداخلت سے فوری طور پر فنڈز ریلیز کیے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے سیکرٹری فنانس کو کال کر کے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ سیکیورٹی اور جینیٹوریل سٹاف محکمہ صحت و بہبود آبادی کا اہم جزو ہیں اور کسی بھی ملازم کی تنخواہ لیٹ ہونے سے اسے معاشی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ملازمین کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی کا کہنا تھا کہ یہ ملازمین بھی اتنا ہی کام کرتے ہیں جتنا دیگر افراد کرتے ہیں، اس لیے انہیں حکومت پنجاب کے طے شدہ معیار کے مطابق بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وقت پر تنخواہ ادا نہ کرنے والی فرم کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سرکاری ملازمین پنشن میں اضافہ، خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا ریلیف اعلان
پشاور: سرکاری ملازمین پنشن میں اضافہ کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے پنشنرز کی نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا، جبکہ اس حوالے سے محکمہ خزانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ اضافہ 30 جون 2026 تک وصول کی جانے والی نیٹ پنشن کی بنیاد پر دیا جائے گا۔ حکومت کے اس اقدام سے لاکھوں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو مہنگائی کے موجودہ دور میں مالی سہارا ملنے کی امید ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین بھی اس 7 فیصد اضافے سے مستفید ہوں گے۔ اسی طرح فیملی پنشن حاصل کرنے والے افراد اور کمپیشنٹ الاؤنس لینے والے مستحقین پر بھی یہ اضافہ یکساں طور پر لاگو ہوگا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق بیرون ملک مقیم وہ پنشنرز بھی، جو خیبرپختونخوا حکومت کی پنشن کے اہل ہیں، مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت اس اضافے سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ اضافہ پہلے سے دی جانے والی کسی بھی خصوصی اضافی پنشن پر لاگو نہیں ہوگا، بلکہ صرف بنیادی نیٹ پنشن کی بنیاد پر ادا کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق سرکاری ملازمین پنشن میں اضافہ کا یہ فیصلہ بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر ریٹائرڈ ملازمین کے لیے اہم ریلیف ثابت ہوگا اور ان کے ماہانہ اخراجات پورے کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔