کے پی کے کو 15 سال میں 800 ارب روپے دیے گئے، ترقی کا اثر نہیں نظر آیا: وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2026 GMT
پشاور: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی صورتحال اور ملکی امن و سلامتی کے معاملات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پرامن طرز زندگی اختیار کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔
خیبرپختونخوا سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے صوبے کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو بے مثال قرار دیا اور کہا کہ حکومت صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہے اور اس کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور عوام کو متحد ہونا ہوگا۔
شہباز شریف نے قومی سلامتی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ داخلی و خارجی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے، دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیے بغیر قوم چین سے نہیں بیٹھے گی، خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ ریاست اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، سوشل میڈیا پر جھوٹ اور پراپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کے اذہان میں زہر گھولا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے ملکی ترقی کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی تب ہی ملک کی ترقی کہلائے گی جب دیگر صوبے بھی ترقی کریں گے، بلوچستان کو 100 ارب روپے پنجاب کے حصے سے منتقل کیے گئے، اہم سڑکوں کی تعمیر کے لیے وفاقی فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں اور سولر ٹیوب ویلز کے منصوبے کے لیے 40 ارب روپے وفاق کی جانب سے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے لیے 15 برس میں 800 ارب روپے فراہم کیے، تاہم صوبے میں وہ ترقیاتی منظر نامہ نظر نہیں آتا جو دیگر صوبوں میں دیکھنے کو ملتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی، گزشتہ سال جنگ کے دوران بھارت کے سات جہاز مار گرائے گئے اور آج پاکستانی پاسپورٹ کو عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، معاشی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان عالمی سطح پر مضبوط اور مستحکم ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی ہے اور افغان عبوری حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے عوام پر رحم کرے اور نوجوانوں کو شدت پسندی سے بچا کر مثبت سمت دے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو فون کر کے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، جس پر وزیراعلیٰ نے شکریہ ادا کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل دہشت گردی کے شہباز شریف ارب روپے کے خلاف کے لیے
پڑھیں:
فیلڈ مارشل کا بلوچستان میں دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلنے کے عزم کا اظہار
فوٹو: آئی ایس پی آرفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء کی جی ایچ کیو آمد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن خراب کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، تاہم ان کے ناپاک عزائم کو مسلح افواج کے مضبوط اور فیصلہ کن جواب اور عوام کے اتحاد سے ناکام بنادیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گی، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کے لیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔