"منریگا" اسکیم عوام کی آواز ہے اسے ختم نہیں ہونے دیںگے، کانگریس
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2026 GMT
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ منریگا کو ختم کرنا محض کمزور طبقات پر حملہ نہیں بلکہ مہاتما گاندھی کو عوامی یادداشت سے مٹانے کی سازش ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پارلیمنٹ میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے جمعرات کو مرکز کی بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو ختم کر کے اسے "وکست بھارت — گیارنٹی فار روزگار اینڈ آجیویکا مشن (گرامین) ایکٹ، 2025" سے بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا عوام کی آواز اور ان کا بنیادی حق ہے اور کانگریس کسی بھی قیمت پر اسے ختم نہیں ہونے دے گی۔
جواہر بھون میں منعقد نیشنل منریگا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی موجودگی میں راہل گاندھی نے کہا کہ منریگا نے غریبوں کو حق دیا، وقار کے ساتھ روزگار مانگنے کا حق۔ یہ عوام کی آواز تھی، جسے نریندر مودی ختم کرنا چاہتے ہیں۔ راہل گاندھی نے تین زرعی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح کسانوں نے سیاہ قوانین کو روک دیا، اسی طرح آج مزدوروں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق نئی اسکیم کے تحت مرکز یہ طے کرے گا کہ کس ریاست کو کتنا پیسہ ملے گا اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کو زیادہ جبکہ اپوزیشن کی حکومت والی ریاستوں کو کم فنڈ دیا جائے گا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اب مرکز ہی یہ فیصلہ کرے گا کہ کہاں کام ہوگا، کب ہوگا اور مزدوری کتنی ملے گی، جبکہ مزدوروں کے جو حقوق تھے وہ ٹھیکیداروں کے ہاتھ میں چلے جائیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کا نظریہ یہ ہے کہ ملک کی دولت چند لوگوں کے ہاتھ میں رہے اور وہی ملک کو چلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی جمہوریت، آئین اور "ایک شخص، ایک ووٹ" کے تصور کو ختم کرنا چاہتی ہے، یہ لوگ آزادی سے پہلے والے ہندوستان کو واپس لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر انہیں روکنا ہوگا، جس دن ہم سب اکٹھے ہو گئے، نریندر مودی کو پیچھے ہٹنا پڑے گا اور منریگا بحال ہو جائے گا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منریگا کو ختم کرنا محض کمزور طبقات پر حملہ نہیں بلکہ مہاتما گاندھی کو عوامی یادداشت سے مٹانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی حکومت نے مہاتما گاندھی کے نام والی اسکیم کو ختم کرنے کی جرأت کی ہے۔ قوم اسے برداشت نہیں کرے گی۔ کھڑگے نے کہا کہ منریگا نے 100 دن کے روزگار کی قانونی ضمانت دی تھی، جسے اب ختم کیا جا رہا ہے اور کانگریس اس حق کو بچانے کے لئے ہر سطح پر جدوجہد کرے گی۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نے کہا کہ منریگا راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی انہوں نے بی جے پی کو ختم
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔