یوکرین جنگ فوری طور پر ختم ہونی چاہیے؛ ٹرمپ کا روسی صدر کو دوٹوک پیغام
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2026 GMT
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ختم ہونی چاہیے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے یہ بیان یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات کے بارے میں کہا کہ ان کی یہ ملاقات بہت اچھی رہی ہے اور تمام فریقین چاہتے ہیں کہ جنگ کا خاتمہ ہو۔
انھوں نے مزید کہا کہ امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف جمعے کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے جس کا مقصد تنازع کے خاتمے کے لیے بات چیت کو آگے بڑھانا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتایا کہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے سائیڈ لائن پر ٹرمپ کی زیلنسکی سے ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب روس-یوکرین جنگ عالمی سطح پر سیاسی اور اقتصادی عدم استحکام کا سبب بنی ہوئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے زور دیا کہ سب چاہتے ہیں کہ جنگ ختم ہو اور امن قائم ہو اور اس سلسلے میں مذاکرات اور ثالثی کے ذریعے تنازعے کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
طوفانی سیلاب سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، حکومت فوری اقدامات اٹھائے، کاظم میثم
ممبر گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کو ریلیف دینے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں۔ اسلام ٹائمز۔ سابق اپوزیشن لیڈر و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پورے گلگت بلتستان میں طوفانی سیلاب اور دریائی کٹاو سے عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت کو فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ریلیف اور بحالی کے لیے کام تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ سکردو میں دریائی کٹاو کے سبب سترانگلونگما کواردو اور حوطو رنگاہ کے عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں۔ زرعی اراضی اور درخت دریا برد ہو رہے ہیں لیکن تاحال کوئی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے لیے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور جی بی ڈی ایم اے کو کواردو حوطو رنگاہ اور رزسنا رنگاہ کے دریائی کٹاو روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانا چاہیے۔ گزشتہ مہینے آنے والے شگریخورد میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے بھی تاحال اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ جس کے سبب عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ کاظم میثم نے مزید کہا کہ طوفانی سیلاب کے سبب تقریبا تمام اضلاع میں تباہ کاریاں ہوئی ہیں اور شاہراہوں کی بندش کے سبب بھی مشکلات کے شکار ہیں۔ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کو ریلیف دینے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں۔