بھارت: جیل میں قید قتل کے مجرمان کو محبت ہوگئی، پیرول پر رہا ہو کر شادی کرلی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2026 GMT
بھارتی ریاست راجستھان میں قتل کے دو سزا یافتہ مجرمان جیل میں ملنے اور محبت میں گرفتار ہونے کے بعد پیرول پر رہائی پا کر شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قتل کے جرم میں سزا یافتہ پریا سیٹھ عرف نیہا سیٹھ اور مجرم ہنومان پرساد کو راجستھان ہائی کورٹ نے شادی کے لیے 15 دن کی ایمرجنسی پیرول دی ہے۔ دونوں کی آج شادی ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پریا سیٹھ ایک ماڈل رہ چکی ہے اور وہ ایک آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعے ملنے والے نوجوان دشینت شرما کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ یہ قتل 2018ء میں اغواء اور تاوان کے منصوبے کے تحت کیا گیا تھا۔ لاش کو سوٹ کیس میں بند کر کے پہاڑیوں میں پھینک دیا گیا تھا۔ وہ اس وقت سانگانیَر اوپن جیل میں سزا کاٹ رہی ہیں۔
دوسری جانب ہنومان پرساد ایک انتہائی سنگین مقدمے میں سزا یافتہ مجرم ہے۔ اس نے 2017ء میں اپنی گرل فرینڈ کے کہنے پر اس کے شوہر اور چار بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کو الور شہر کے سب سے ہولناک قتل کیسز میں شمار کیا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قتل کے دونوں مجرمان کی ملاقات چھ ماہ قبل جیل میں ہوئی تھی جہاں سے ان کی محبت کی کہانی شروع ہوئی جو اب شادی کے رشتے میں بدلنے جا رہی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
’مضبوط رہیں‘، ریپر طلحہ انجم کا بھارتی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
پاکستان کے معروف ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے نئی دہلی میں تعلیمی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ انہوں نے طلبا پر ہونے والی پولیس کارروائی کے بعد ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غصے اور احساسات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
طلحہ انجم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھارتی طلبا کے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوتے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’بھارت کے طلبا مظاہرین کے نام، مجھے آپ کی ثابت قدمی کا بے حد احترام ہے، میں آپ کی مایوسی اور غصے کو سمجھ سکتا ہوں، اور یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے، مضبوط رہیں۔‘
طلحہ انجم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے موسیقاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پر ان کی مقبولیت کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ برس نیپال میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک مداح کی جانب سے بھارتی پرچم پیش کیے جانے پر وہ خبروں میں آئے تھے، بعد ازاں انہوں نے پاکستان میں اس معاملے پر وضاحت بھی کی تھی۔
سماجی اور انسانی مسائل پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے والے طلحہ انجم اس سے قبل بھی کئی معاملات پر آواز بلند کر چکے ہیں۔ اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں کے قبضے میں جانے والے پاکستانی ملاحوں کی رہائی کے لیے انہوں نے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا اور وزارتِ خارجہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل ہیلپ لائن قائم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
دوسری جانب بھارت میں تعلیمی امتحانات کے مبینہ پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے پلیٹ فارم سے ہونے والے اس دھرنے میں طلبہ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کی کوشش کے دوران پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔