محسن نقوی سے صومالی ہم منصب کی ملاقات‘ دہشتگردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2026 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے صومالیہ کے ہم منصب علی یوسف کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صومالی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزرائے داخلہ نے ٹریننگ، بارڈر مینجمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں داخلی سلامتی، انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے لئے کوآرڈینیشن بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ صومالی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے صومالی ہم منصب کو پولیس اور انسداد دہشتگردی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صومالی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے لیے وزیراعظم صومالیہ کا خصوصی پیغام پیش کیا۔ صومالی ہم منصب نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو صومالیہ کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔ ادھر علی یوسف امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: داخلہ محسن نقوی صومالی ہم منصب وزیر داخلہ پر اتفاق داخلہ نے
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔