پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے جڑا: صدر، قوم کتابوں سے تعمیر ہوتی ہے: بلاول
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2026 GMT
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم تعلیم کے موقع پر پیغام میں کہا کہ عالمی یوم تعلیم کے موقع پر میں پاکستان کے عوام، خاص طور پر طلبہ، اساتذہ، والدین، سکالرز اور تعلیم کے فروغ سے منسلک تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس سال کا موضوع ’’تعلیم کی تخلیق میں نوجوانوں کی طاقت‘‘ اس بات پر زور دیتا ہے کہ نوجوانوں کو صرف طالب علم نہیں بلکہ مفکر، موجد اور ذمہ دار شہری کے طور پر بھی تسلیم کیا جائے جن کے خیالات تعلیمی نظام اور جمہوری معاشروں کو مضبوط کرتے ہیں۔ پاکستان کا مستقبل براہ راست اس کی نوجوان نسل سے جڑا ہوا ہے۔ مفت اور لازمی تعلیم کی ضمانت اس بنیادی حق کے لئے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے اور باہمی رابطوں پر مبنی عالمی منظرنامے میں، تعلیم کو عملی مہارتوں، جدید علوم، اخلاقی اقدار اور تنوع کے احترام کو یکجا کرنا چاہئے۔ خواتین، مدارس کے طلباء اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں تک مواقع بڑھانے والے اقدامات سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ترقی کے ثمرات سب کو یکساں طور پر میسر ہوں۔ میں تمام متعلقہ افراد اور اداروں سے یہ امید رکھتا ہوں کہ وہ تعلیم کو قومی ترجیح کے طور پر تسلیم کریں گے اور اپنے نوجوانوں کو ایک ہنر مند، روشن خیال اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں شراکت دار بنائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تعلیم کو وقار، مساوات اور امید کی سب سے طاقتور محرک اور غربت، انتہاپسندی اور ناانصافی کے خلاف مضبوط ترین ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا پختہ یقین ہے کہ ملک کی منزل کا تعین میدانِ جنگ نہیں بلکہ کلاس رومز کرتے ہیں اور قومیں گولیوں سے نہیں بلکہ کتابوں سے تعمیر ہوتی ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں ملک کے شعبہ تعلیم سے منسلک تمام لوگوں خصوصاً طلبہ اور اساتذہ کو اس دن کی مبارکباد اور ان کی لگن پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ہم ایک خاندان کو بااختیار بناتے ہیں، ایک کمیونٹی کو بلند کرتے ہیں اور اپنی قوم کے مستقبل کو مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر آئیے ہم یہ تجدید عہد کریں کہ علم کے چراغ سے ہم ہر گھر کو روشن کریں گے کیونکہ ایک تعلیم یافتہ پاکستان ہی ایک مضبوط، پرامن اور ترقی پسند پاکستان ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: تعلیم کے موقع پر عالمی یوم
پڑھیں:
’مضبوط رہیں‘، ریپر طلحہ انجم کا بھارتی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
پاکستان کے معروف ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے نئی دہلی میں تعلیمی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ انہوں نے طلبا پر ہونے والی پولیس کارروائی کے بعد ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غصے اور احساسات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
طلحہ انجم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھارتی طلبا کے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوتے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’بھارت کے طلبا مظاہرین کے نام، مجھے آپ کی ثابت قدمی کا بے حد احترام ہے، میں آپ کی مایوسی اور غصے کو سمجھ سکتا ہوں، اور یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے، مضبوط رہیں۔‘
طلحہ انجم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے موسیقاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پر ان کی مقبولیت کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ برس نیپال میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک مداح کی جانب سے بھارتی پرچم پیش کیے جانے پر وہ خبروں میں آئے تھے، بعد ازاں انہوں نے پاکستان میں اس معاملے پر وضاحت بھی کی تھی۔
سماجی اور انسانی مسائل پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے والے طلحہ انجم اس سے قبل بھی کئی معاملات پر آواز بلند کر چکے ہیں۔ اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں کے قبضے میں جانے والے پاکستانی ملاحوں کی رہائی کے لیے انہوں نے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا اور وزارتِ خارجہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل ہیلپ لائن قائم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
دوسری جانب بھارت میں تعلیمی امتحانات کے مبینہ پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے پلیٹ فارم سے ہونے والے اس دھرنے میں طلبہ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کی کوشش کے دوران پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔