پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی پر فوجداری و دیوانی کارروائی ہو سکتی ہے، سپریم کورٹ
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2026 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ پہلی بیوی کی اجازت اور ثالثی کونسل کی منظوری کے بغیر دوسری شادی کرنا مسلم فیملی لاز آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے، جس پر شوہر کو فوجداری اور دیوانی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عدالتِ عظمیٰ نے اس حوالے سے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، جو جسٹس مسرت ہلالی نے تحریر کیا۔
سپریم کورٹ نے نائلہ جاوید کیس میں فیملی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے شوہر کو خاتون کو حق مہر کی 12 لاکھ روپے کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تنسیخِ نکاح ایکٹ کے تحت اگر شوہر بیوی کی رضامندی کے بغیر دوسری شادی کرے تو خاتون نکاح ختم کرنے کی حقدار ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ثالثی کونسل کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنا مسلم فیملی لاز آرڈیننس کے سیکشن 6 کی صریح خلاف ورزی ہے۔
عدالت کے مطابق اس کیس میں شوہر نے نہ پہلی بیوی سے تحریری اجازت لی اور نہ ہی ثالثی کونسل سے منظوری حاصل کی، جس کا اعتراف خود شوہر نے بھی کیا۔ دورانِ مقدمہ شوہر کی جانب سے دوسری شادی کرنا بھی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ عدالتیں بیوی کا بیان ریکارڈ کیے بغیر طلاق کے مطالبے کو خلع میں تبدیل نہیں کر سکتیں۔ عدالت نے اپنے سابقہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خلع خاتون کی واضح اور رضاکارانہ رضامندی کے بغیر ممکن نہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ نائلہ جاوید نے نکاح ختم کرنے کی درخواست ظلم اور قانونی بنیادوں پر دائر کی تھی، تاہم فیملی کورٹ نے ظلم کے الزامات پر فیصلہ دینے کے بجائے خلع کی بنیاد پر نکاح ختم کر دیا اور خاتون کو حق مہر چھوڑنے کا حکم دیا، حالانکہ خاتون نے خلع کا مطالبہ ہی نہیں کیا تھا۔
عدالت نے مزید کہا کہ شوہر کی جانب سے نان نفقہ کی عدم ادائیگی، دورانِ جرح خاتون کی کردار کشی اور دوسری شادی جیسے عوامل قانونی طور پر ظلم کے زمرے میں آتے ہیں۔ ایسے حالات میں خاتون کا شوہر کے ساتھ رہنے سے انکار نافرمانی نہیں بلکہ جائز حق ہے۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ پہلی بیوی کی اجازت اور ثالثی کونسل کی منظوری کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شوہر کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا ہوگا، اور ایسی صورت میں خاتون کو نکاح ختم کرانے اور اپنے مالی حقوق حاصل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے بغیر دوسری شادی سپریم کورٹ نے ثالثی کونسل پہلی بیوی کی اجازت نکاح ختم بیوی کی
پڑھیں:
کراچی میں موٹر سائيکل چوری میں ملوث خاتون گرفتار
اسکرین گریب/ ایکسکراچی میں موٹر سائيکل چوری میں ملوث خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
سولجر بازار کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا ہے، پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی ہے، ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹر سائیکل لفٹنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں میاں بیوی کو موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ملزمہ کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ اور فرار شوہر کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا مزید تفتیش جاری ہے۔