تیراہ انخلا معاہدہ ڈپٹی کمشنر کے ذریعے کیا گیا، اب پی ٹی آئی حکومت سیاست کر رہی ہے، اپوزیشن لیڈر عباداللہ
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2026 GMT
خیبر پختونخوا میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر عباداللہ نے واضح کیا کہ قبائلی علاقہ تیراہ سے مقامی افراد کے انخلا کے لیے کمیٹی سے معاہدہ ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر نے کیا تھا، جبکہ اب پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اس پر سیاست کر رہی ہے۔
پشاور میں وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے دہشتگردی سے متاثرہ علاقے وادی تیراہ کی صورتحال پر بات کی اور قبائلی علاقہ وادی تیراہ کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت کو قرار دیا۔
مزید پڑھیں: وادی تیراہ میں آپریشن کی اجازت کس نے دی، اور سہیل آفریدی کو قتل کی دھمکیوں میں کتنی حقیقت ہے؟
انہوں نے الزام لگایا کہ دہشتگردوں کو لانے والی جماعت بھی پاکستان تحریک انصاف ہے، اور اسی جماعت کے سربراہ عمران خان نے دہشتگردوں کو سہولیات اور دفاتر دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔ جبکہ اب یہی جماعت تیراہ کے معصوم لوگوں کے نام پر سیاست کر رہی ہے۔ لاشوں اور زخمیوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، مگر یہ لوگ ان پر بھی سیاست کر رہے ہیں اور بیانیہ بنا رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سہیل آفریدی اپوزیشن کی مخالفت کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف شواہد مانگ رہے ہیں، جبکہ آپریشن کا فیصلہ اپیکس کمیٹی نے کیا تھا جس میں وزیراعلیٰ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی پاکستان میں داخلے اور تشکیل پر آئی جی نے مکمل بریفنگ دی تھی، جس میں سہیل آفریدی خود موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا سوال ہے اگر آپ آپریشن کی مخالفت کر رہے ہیں تو آپ کے پاس اس کا متبادل حل کیا ہے؟ ان کے پاس کوئی حل نہیں، بس ہر معاملے پر بیانیہ بنانے کے علاوہ۔
تیراہ انخلا پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انخلا مقامی کمیٹی سے مذاکرات اور معاہدے کے بعد شروع ہوا، جو ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر نے کیا ہے۔ آپ بتائیں کہ ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر کس کے ماتحت ہے، کس کو جواب دہ ہے اور معاہدہ کس کے کہنے پر کیا گیا ہے؟
عباداللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ناک کے نیچے ڈپٹی کمشنر معاہدہ کرتا ہے، اور یا تو وزیراعلیٰ کی بات نہیں سنتا یا وزیراعلیٰ کو علم ہی نہیں ہوتا۔ اگر وزیراعلیٰ کو علم نہیں تھا اور ڈی سی نے خود سے معاہدہ کیا ہے تو کیا وزیر اعلیٰ کو مستعفی نہیں ہو جانا چاہیے؟
مزید پڑھیں: تیراہ میں بے امنی اور دہشتگردوں کی موجودگی کی وجہ سے لوگ نقل مکانی کررہے ہیں، احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جھوٹ بول رہی ہے اور اس مشکل وقت میں بھی سیاست اور بیانیہ سازی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 دہائیوں سے زائد عرصے سے پشتون قوم متاثر ہو رہی ہے، اور اس پر بھی ظلم ہو رہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ فین کلب ہے، اور یہ لوگ عمران خان کے فین کلب کے ممبران ہیں، جو ایک شخص کے لیے سب کچھ داؤ پر لگانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کرسی کے لیے لاشوں، خون اور جنازوں پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔
عباد اللہ نے کہا کہ صوبائی امن جرگے میں سیاسی جماعتیں دہشتگردی کے خاتمے پر متفق ہو گئی تھیں، تاہم سہیل آفریدی اس معاملے کو سیاست کے لیے غلط رنگ دے رہے ہیں اور یہ تاثر دے رہے ہیں کہ سیاسی جماعتوں نے آپریشن کی مخالفت کی تھی، حالانکہ جرگے کے 15 نکاتی اعلامیے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام آئینی وسائل استعمال کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ یہ سب کچھ کرسی بچانے کے لیے ہو رہا ہے۔ اندر ایک بات ہوتی ہے اور باہر بیانیہ بنانے کے لیے دوسری بات کی جاتی ہے۔
مزید اس ویڈیو میں ۔ ۔ ۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
تیراہ خیبر پختونخوا ڈاکٹر عباداللہ ضلع خیبر.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: تیراہ خیبر پختونخوا ڈاکٹر عباداللہ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سہیل آفریدی ڈپٹی کمشنر کر رہی ہے پی ٹی آئی سیاست کر رہے ہیں کے لیے
پڑھیں:
بعض حکمران عناصر بینظر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنا چاہتے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی ایسا نہیں ہونے دے دی، بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران میں جاری جنگ کے اثرات کے باعث معاشی بحران نے جنم لیا ہے اور موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، گلگت بلتستان کے عوام 7 جون کو تیر پر مہر لگائیں۔
اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کاوشیں کامیاب ہوں گی۔
مزید پڑھیں: کسی پر تنقید کرکے نہیں بلکہ کارکردگی پر ووٹ مانگتا ہوں، نواز شریف کا گلگت میں خطاب
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ ان کی جماعت ملک کے پسماندہ اور محروم طبقات کی حقیقی نمائندہ ہے۔ ایسی ترقی اور معاشی پالیسی کا کیا فائدہ جس میں امیر مزید امیر اور غریب مزید مشکلات کا شکار ہو جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کا واحد ایسا ادارہ ہے جو براہ راست مستحق خاندانوں تک پہنچتا ہے اور اس پروگرام کے خلاف ہونے والی سیاسی سازشیں ناکام ہوں گی۔
بدقسمتی اس ملک کی ہے کہ ہمارے سیاست دان ایسے ہیں کہ جب معاشی حالات خراب ہوتے ہیں تو وہ یہ نہیں سوچتے کہ ہم اپنے امیر دوستوں کی سبسڈی کیسے ختم کریں، وہ یہ نہیں سوچتے کہ کاروباری طبقہ کتنا ٹیکس دے رہا ہے، وہ سیدھا اس پر پہنچتے ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرو، مگر ہم یہ… pic.twitter.com/ioZikOPLZU
— WE News (@WENewsPk) June 2, 2026
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض حکمران عناصر اس پروگرام کو ختم کرنا چاہتے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی اسے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور آئندہ بجٹ میں اس کے فنڈز میں اضافے کے لیے وزیراعظم سے بات کی جائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جبکہ میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا کردار نمایاں رہا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں گلگت بلتستان کو شمالی علاقہ جات کہا جاتا تھا لیکن اس خطے کو موجودہ شناخت صدر آصف علی زرداری نے دی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے بلتستان کی سرزمین سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ اگر 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کو دیے گئے اختیارات گلگت بلتستان کو بھی منتقل کر دیے جائیں تو خطے کے متعدد مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ حق حاکمیت کے بعد عوام کو حق ملکیت بھی ملنا چاہیے اور اسلام آباد کو تسلیم کرنا ہوگا کہ گلگت بلتستان کے وسائل پر سب سے پہلا حق مقامی آبادی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک اس حقیقت کو تسلیم نہیں کیا جاتا، نہ گلگت بلتستان اور نہ ہی پاکستان حقیقی ترقی کر سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو گھر فراہم کیے گئے اور یہی عوامی خدمت پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی محور ہے۔
ان کے مطابق پارٹی ہمیشہ عام آدمی، مزدور اور محروم طبقات کے حقوق کی سیاست کرتی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کو بینظیر کارڈ کے ذریعے عملی شکل دی، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دنیا کے کئی ممالک نے قابل تقلید ماڈل قرار دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلم دنیا میں ایٹمی صلاحیت رکھنے والا واحد ملک پاکستان ہے اور اس صلاحیت کا سہرا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سر جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج بھی گڑھی خدا بخش سے پاکستان کے دفاع کی روایت جڑی ہوئی ہے۔ جنرل مشرف کے دور میں غیر ملکی ممالک کو پاکستان میں اڈے حاصل تھے، تاہم سلالہ واقعے کے بعد صدر آصف علی زرداری نے ان اڈوں کو بند کروا دیا۔
انہوں نے سی پیک کے تحت تھرکول منصوبے کو سب سے کامیاب منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 80 فیصد ملازمتیں مقامی افراد کو فراہم کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں، جبکہ دیگر سیاسی قوتیں لوگوں کو بے روزگار کرنے کی پالیسی اپناتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت غریب نوجوانوں کو روزگار فراہم کرکے معاشی طور پر مضبوط بنانا چاہتی ہے۔
مزید پڑھیں: کسی بھی نئی آئینی ترمیم میں گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ میں سیلاب کے بعد بحالی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے پورا صوبہ پانی میں ڈوب گیا ہو، تاہم حکومت 20 لاکھ متاثرہ گھروں کی تعمیر کر رہی ہے اور اتنے ہی خاندانوں کو مالکانہ حقوق کے ساتھ رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ سڑکوں کی تعمیر سے پہلے متاثرین کو گھر دیے جائیں۔ اس منصوبے کے نتیجے میں قریباً 10 لاکھ افراد کو روزگار ملا۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی کہ 7 جون کو تیر کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں، پیپلز پارٹی یہاں بھی سندھ طرز کے عوامی فلاحی منصوبے متعارف کرائے گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews بلاول بھٹو چیئرمین پیپلز پارٹی گلگت بلتستان الیکشن وی نیوز