عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ‘فراز حسیب
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے شبِ برأت کے موقع پر عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سی ون ایریا قبرستان کا دورہ کیا اور وہاں کیے جانے والے انتظامات کا حتمی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن نے ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور ان کے عملے کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شبِ برأت کے دوران قبرستان میں آنے اور جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات، پانی کی دستیابی، سرد موسم کے پیشِ نظر خصوصی اقدامات اور مجموعی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی سخت ہدایات دیں۔ چیئرمین فراز حسیب نے ڈائریکٹر الیکٹریکل کو قبرستان میں روشنی کے انتظامات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ جہاں لائٹس موجود نہیں ہیں وہاں فوری طور پر نصب کی جائیں تاکہ رات کے وقت زائرین کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے ڈائریکٹر پارکس کو بھی مخاطب کرتے ہوئے قبرستان میں پودوں کی چھٹائی، جھاڑیوں کی صفائی اور سبزہ کی بہتر دیکھ بھال کے احکامات جاری کیے تاکہ قبرستان کا ماحول صاف، خوشگوار اور محفوظ بنایا جا سکے۔ اس موقع پر چیئرمینز و وائس چیئرمینز‘ ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن تفضل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین فراز حسیب نے واضح کیا کہ شبِ برأت کے موقع پر عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔