سانحہ بھاٹی گیٹ؛ خاتون کے شوہر پر دوران حراست تشدد پر مزید دو ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2026 GMT
لاہور:
سانحہ بھاٹی گیٹ پر آئی جی پنجاب کی جانب سے بنائی گئی ہائی پاور کمیٹی نے انکوائری رپورٹ مکمل کرلی اور مزید دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب نے خاتون اور بچی کے مین ہول میں گرنے کے بعد شوہر کو حراست میں لے کر تشدد کرنے کے حوالے سے پولیس کے کردار اورغفلت کا تعین کرنے کے لیے ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈی آئی جی احمد ناصر عزیز ورک اور ڈی آئی جی عمران کشور کمیٹی کا حصہ ہیں اور تینوں اعلیٰ افسران نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور تمام شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق خاتون سعدیہ اور بیٹی ردا کے اہل خانہ کے بیانات قلم بند کیے گئے اور انکوائری میں تین افسران کی غفلت پائی گئی اور تینوں افسران کو غفلت کا مرتکب قرار دے دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ کمیٹی نے آئی جی پنجاب کو سفارشات بھجوادی ہیں، افسران کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ آئی جی پنجاب کریں گے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے داتا دربار میں ماں اور بیٹی کے جاں بحق ہونے کے جائے وقوع کے دورے کے موقع پر بتایا کہ 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور مزید دو ملزمان گرفتار ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لواحقین کو مکمل طور انصاف فراہم کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی تیز اور میرٹ پر کرنے کا حکم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ بھاٹی گیٹ کیس میں انویسٹی گیشن پولیس نے مزید 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان میں سلمان اور عثمان شامل ہیں، جن سے تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈی آئی جی
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔