وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا:اپنے قائد سے ملاقات سے محروم ہونا شرمناک ہے
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2026 GMT
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل افریدی نے کہا ہے کہ انہیں اپنے قائد، عمران خان، سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔
کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل افریدی نے بتایا کہ وہ صوبے کے ساڑھے چار کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود اڈیالہ جیل کے باہر کئی گھنٹے انتظار پر مجبور کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے اور عوام جاننا چاہتے ہیں کہ ان کی موجودہ حالت کیا ہے۔ عمران خان اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینا نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک نہ چل رہا، عدلیہ اور تمام ادارے مفلوج ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، اور وفاق کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق خیبر پختونخوا کے بقایا جات کی ادائیگی نہیں کر رہا، جس کی وجہ سے صوبے کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔
سہیل افریدی نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت اور آئین کو بے بس کر دیا گیا ہے، تاہم صوبے میں ترقی کا عمل جاری ہے اور آئین و جمہوریت کی بحالی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت عوام سے خوفزدہ ہے اور عمران خان کو تنہائی میں رکھنا نہ صرف جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کو رات کے اندھیرے میں اسپتال منتقل کرنے کے عمل کو خفیہ کیوں رکھا گیا اور کیوں ان کی فیملی کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔
شوکت یوسفزئی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے معالجین، ان کی فیملی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وکلا کو فوری ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ قوم کو مکمل آگاہی اور یقین دہانی فراہم کی جا سکے۔
ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں نے 8 فروری کے ممکنہ پرامن احتجاج، عمران خان کی صحت اور حکومتی رویے کے ساتھ قومی و صوبائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر اطلاعات شفیع جان بھی موجود تھے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: خیبر پختونخوا نے کہا کہا کہ
پڑھیں:
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے سبب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے انتباہ جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔