امریکا: غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف مہم میں گرفتار 5 سالہ بچے کی رہائی کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2026 GMT
ڈیلاس (ویب ڈیسک) امریکی عدالت نے ٹیکساس کے ایک امیگریشن حراستی مرکز سے 5 سالہ بچے اور اس کے والد کی رہائی کا حکم دے دیا ہے جبکہ جج نے ان کی گرفتاری کو ’بے لگام طاقت کی ہوس‘ سے تعبیر کیا ہے۔
5 سالہ لیام کونیخو راموس، جس کی تصویر نیلے رنگ کی خرگوش نما ٹوپی اور اسپائیڈر مین بیگ کے ساتھ سامنے آئی تھی، کو امریکی ریاست منی ایپولس میں اس کے گھر کے ڈرائیو وے سے حراست میں لیا گیا تھا، اس واقعہ کے بعد ملک بھر میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا، بچے کے والد، ایڈرین الیگزینڈر کونیخو ایریاس، کو بھی اسی کارروائی میں گرفتار کیا گیا تھا۔
امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی بچے کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ کارروائی بچے کے والد کے خلاف تھی، جنہیں حکام نے غیر قانونی تارکِ وطن قرار دیا، تاہم اس وضاحت کے باوجود عوامی غم و غصہ کم نہ ہو سکا۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج فریڈ بیئری نے خاندان کے وکیل کی ہنگامی درخواست منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ والد اور بیٹے کو 3 فروری تک رہا کیا جائے، جج نے اپنے فیصلے میں بچے کی تصویر بھی شامل کی اور لکھا کہ یہ کیس روزانہ کی بنیاد پر ملک بدری کے اہداف کے غلط اور نااہل نفاذ کا نتیجہ ہے، جس میں بچوں کو ذہنی صدمہ پہنچایا جا رہا ہے۔
جج بیئری نے کہا کہ امریکی امیگریشن نظام کے تحت ملک بدری کا عمل زیادہ منظم اور انسانی بنیادوں پر ہونا چاہیے، بعض افراد کے لیے طاقت کے حصول میں ظلم کی کوئی حد نہیں رہتی۔
خاندان کے وکیل مارک پروکوش کے مطابق باپ بیٹا اس وقت سان انتونیو، ٹیکساس کے ایک حراستی مرکز میں موجود تھے، دونوں 2024 میں ایکواڈور سے امریکا آئے تھے اور پناہ کی درخواست سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کر رہے تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی میں کھلے مین ہول میں گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق
شہر قائد کے علاقے مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مواچھ گوٹھ کے نور شاہ محلے میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہوا جس کی شناخت جہانگیر کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او موچکو واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ بچہ گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گرا۔
کھلے مین ہول میں گرکر بچے کی ہلاکت پر اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے اور واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا۔
مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں گرنے سے بچے کی ہلاکت کے بعد علاقہ مکینوں نے بچے کی میت رکھ کر احتجاج کیا اور حب ریور روڈ و ناردرن بائی پاس پر ٹریفک کو بند کردیا۔