وسط ایشیائی ممالک کے لیے پاکستان امید کی کرن، سمندری راستے کس طرح تجارت کو بڑھا سکتے ہیں؟
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2026 GMT
اسلام آباد میں حالیہ سفارتی سرگرمیاں اس امر کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان اپنی خارجہ حکمتِ عملی کو تیزی سے جیو پولیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف منتقل کر رہا ہے، جہاں سیاسی تعلقات کو براہِ راست معاشی فوائد، تجارتی راہداریوں اور علاقائی رابطہ کاری سے جوڑا جا رہا ہے۔
قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کا دورہ اسی وسیع تر پالیسی فریم ورک کا حصہ سمجھا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستان کو جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک فعال تجارتی پل اور ٹرانزٹ حب میں تبدیل کرنا ہے۔ ان روابط کا مرکز محض سفارتی خیرسگالی نہیں بلکہ ٹرانزٹ ٹریڈ، بندرگاہی رسائی، ریلوے رابطے، لاجسٹکس، سرمایہ کاری، اور تعلیمی و ثقافتی تعاون کے عملی ڈھانچے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف پہلے سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے
پاکستان اور قازقستان کن شعبوں میں مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کریں گے؟قازقستان کے صدر کے دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتیں یعنی ایم او اوز طے پانے یا دستخط ہونے کی توقع ہے۔ پہلے ہی دورے سے قبل پاکستان اور قازقستان نے آٹھ ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں جن کا محور اعلیٰ تعلیم، مشترکہ تحقیق، فیکلٹی اور اسٹوڈنٹ ایکسچینجز، تعلیمی پروگرامز اور صلاحیت سازی ہے۔
اس کے علاوہ ریلوے اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے شعبوں میں بھی ایم او یوز پر پیش رفت متوقع ہے، جس کا مقصد تجارت اور کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانا اور پاکستان قازقستان کے درمیان ریلوے تعاون اور نقل و حمل کے رابطوں کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ مفاہمتی یادداشتیں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، تحقیق، معاشی روابط، تجارتی مواصلات اور علاقائی کنیکٹیویٹی میں تعاون کو باقاعدہ سطح پر آگے بڑھانے میں مدد فراہم کریں گی۔
پاکستانی بندرگاہیں وسط ایشیائی تجارت کے لیے گیٹ وےقازقستان کے ساتھ بات چیت میں ایک نمایاں نکتہ یہ ہے کہ خشکی میں گھرے وسطی ایشیائی ممالک کو سمندر تک مؤثر اور کم لاگت رسائی فراہم کی جائے۔ اسی تناظر میں کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے استعمال، لاجسٹکس تعاون، اور ٹرانزٹ سہولیات پر پیش رفت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ پاکستان اپنی بندرگاہوں کو وسطی ایشیائی تجارت کے لیے گیٹ وے کے طور پر پیش کر رہا ہے، جب کہ قازقستان کے لیے یہ عالمی منڈیوں تک رسائی کا عملی راستہ بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاک-قازقستان مشترکہ جنگی مشق ’دوستارم۔فائیو‘ کی اختتامی تقریب، اسپیشل فورسز کی شرکت
اس کے ساتھ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع، اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مضبوط بنانے پر بھی زور دے رہے ہیں، جو تعلقات کو محض سیاسی سطح سے اٹھا کر ادارہ جاتی اور معاشی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
اُزبکستان کے صدر کا متوقع دورہازبکستان کے صدر شوکت میرزیایف کا جلد دورہ پاکستان متوقع ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان وسطی ایشیا پالیسی کو کسی ایک ملک تک محدود نہیں رکھ رہا بلکہ خطے کے ساتھ ایک مربوط حکمتِ عملی اپنا رہا ہے۔ ازبکستان علاقائی کنیکٹیوٹی، ریلوے روابط اور صنعتی تعاون میں اہم حیثیت رکھتا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور ٹرانسپورٹ روابط بڑھانے پر بات چیت جنوبی اور وسطی ایشیا کو جوڑنے والے بڑے منصوبوں کا حصہ بن سکتی ہے۔ اس طرح پاکستان کے راستے وسطی ایشیا کی برآمدات کے لیے متبادل اور نسبتاً مختصر راستے فراہم ہونے کا امکان بڑھتا ہے۔
پاکستان کے وسط ایشیا کی طرف بڑھنے کی وجوہاتپاکستان کے وسطی ایشیا کی طرف بڑھنے کی بنیادی وجوہات میں جغرافیائی محلِ وقوع سرِفہرست ہے۔ پاکستان بحیرۂ عرب تک رسائی رکھنے والا قدرتی سمندری راستہ فراہم کرتا ہے، جب کہ وسطی ایشیائی ریاستیں خشکی میں گھری ہوئی ہیں؛ اس جغرافیائی حقیقت کو معاشی فائدے میں بدلنا پالیسی کا بنیادی ہدف ہے۔
اس کے ساتھ پاکستان روایتی منڈیوں پر انحصار کم کر کے نئی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہا ہے، اور وسطی ایشیا توانائی، معدنیات اور زرعی وسائل کے باعث ایک پرکشش خطہ سمجھا جاتا ہے۔
کیا پاکستان وسط ایشیا تک رسائی کے متبادل راستے استعمال کرے گا؟اہم بات یہ ہے کہ پاکستان وسطی ایشیا تک رسائی کے لیے صرف روایتی افغان زمینی راستوں پر انحصار نہیں رکھنا چاہتا بلکہ متبادل اور کثیرالجہتی نیٹ ورک تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس میں علاقائی ریلوے اور ملٹی موڈ کارگو کوریڈورز کے ذریعے ایران اور آگے وسطی ایشیا تک رابطوں کے امکانات، قومی شاہراہوں اور مغربی روٹس کی اپگریڈیشن، اور بندرگاہی حکمتِ عملی شامل ہے۔
گوادر اور کراچی پورٹس کو علاقائی ٹرانزٹ ہب کے طور پر فروغ دینا اسی وسیع منصوبہ بندی کا حصہ ہے تاکہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے سمندری تجارت کم وقت اور کم لاگت میں ممکن ہو سکے۔ یوں پاکستان ایک ایسے نیٹ ورک کی تشکیل کی طرف بڑھ رہا ہے جو اسے علاقائی لاجسٹک مرکز کے طور پر ابھار سکے۔
یہ بھیپڑھیے: پاکستان اور قازقستان کے مابین وفود کی سطح کے مذاکرات، ایکشن پلان پر دستخط
مجموعی طور پر قازقستان اور ازبکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط پاکستان کی اس سوچ کا عملی اظہار ہیں کہ خارجہ تعلقات کو اقتصادی ڈھانچوں، تجارتی راستوں، تعلیمی تعاون، اور علاقائی رابطہ کاری سے منسلک کیا جائے۔
اگر ٹرانزٹ، بندرگاہی رسائی، ریلوے روابط، تعلیمی اور تحقیقی ایم او یوز، اور تجارتی معاہدے مؤثر انداز میں نافذ ہو جاتے ہیں تو پاکستان نہ صرف اپنی معیشت کو نئی منڈیوں سے جوڑ سکے گا بلکہ خطے میں ایک اہم تجارتی، تعلیمی اور لاجسٹک گزرگاہ کے طور پر بھی اپنی حیثیت مستحکم کر سکتا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ایم او یوز تجارت تعلقات قازقستان وسطی ایشیا.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ایم او یوز تعلقات قازقستان وسطی ایشیا وسطی ایشیائی قازقستان کے وسطی ایشیا ایم او یوز وسط ایشیا کے درمیان کر رہا ہے کے طور پر تک رسائی کے ساتھ کے لیے کے صدر کی طرف
پڑھیں:
پاکستان کا موقف اور خطے میں امن کا تقاضا
پاکستان کی جغرافیائی حیثیت محض ایک زمینی ریاست کی نہیں بلکہ ایک ایسے ملک کی ہے جس کے مفادات خشکی، سمندر اور خطے کی مجموعی سلامتی سے یکساں طور پر وابستہ ہیں۔ اسی لیے جب مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے شعلے بلند ہوتے ہیں تو ان کی تپش صرف جنگ میں شریک ممالک تک محدود نہیں رہتی بلکہ عالمی تجارت، توانائی کی رسد، بحری راستوں، علاقائی معیشتوں اور سفارتی توازن کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔
آج بحیرہ احمر، باب المندب اور آبنائے ہرمز صرف آبی گزرگاہیں نہیں رہیں بلکہ عالمی طاقتوں کی کشمکش، علاقائی رقابتوں اور غیر ریاستی مسلح گروہوں کی حکمت عملی کا مرکز بن چکی ہیں۔ ایسے ماحول میں پاکستان کی جانب سے اپنے بحری مفادات اور سعودی عرب کی سلامتی کے بارے میں دوٹوک اور واضح موقف اختیار کرنا نہ صرف ایک ذمے دار ریاست کی علامت ہے بلکہ یہ اس حقیقت کا اظہار بھی ہے کہ قومی سلامتی کی تعریف اب سرحدوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ سمندری راستے، تجارتی جہاز، بندرگاہیں اور توانائی کی سپلائی لائنیں بھی اسی قدر اہم قومی مفادات کا حصہ بن چکی ہیں۔
پاکستان نے جس واضح انداز میں یہ اعلان کیا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں، بحری تنصیبات یا سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی جارحیت کو قومی سلامتی کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، وہ دراصل بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی توثیق بھی ہے اور قومی خودمختاری کے تحفظ کا منطقی اظہار بھی۔ دنیا کی کوئی بھی ذمے دار ریاست اپنی تجارت، بحری نقل و حمل اور اقتصادی شہ رگوں کو خطرات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔
پاکستان کی بڑی بندرگاہیں، برآمدات، درآمدات اور توانائی کی ضروریات عالمی بحری راستوں سے وابستہ ہیں، اس لیے ان راستوں میں پیدا ہونے والی بے یقینی براہِ راست قومی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد کی جانب سے یہ واضح پیغام دینا کہ قومی بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا، دراصل ایک فطری ریاستی ذمے داری ہے، نہ کہ محض سفارتی بیان۔
بحیرہ احمر میں حوثی حملوں اور تجارتی جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں نے عالمی تجارت کو غیر معمولی اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ ماضی میں قزاقی کو سمندری تجارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھا جاتا تھا، مگر اب منظم مسلح گروہ جدید میزائلوں، ڈرونز اور بحری حملوں کی صلاحیت کے ذریعے پوری عالمی سپلائی چین کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس صورتحال نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ غیر ریاستی عناصر بھی ایسے وسائل حاصل کر چکے ہیں جن کے ذریعے وہ عالمی معیشت پر ریاستوں سے کم اثر نہیں ڈال سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد آئل ٹینکروں نے اپنے راستے تبدیل کیے اور یورپی بحری اداروں نے بھی تجارتی جہازوں کو احتیاطی ہدایات جاری کیں، جو اس بحران کی سنگینی کا واضح ثبوت ہے۔
حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب سے وابستہ تجارتی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں صرف ایک ملک کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ بین الاقوامی تجارت کی آزادی پر حملہ ہیں۔ سمندری راستوں کی آزادی بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، جس پر عالمی تجارت کا پورا نظام قائم ہے، اگر کسی گروہ کو یہ حق دے دیا جائے کہ وہ سیاسی یا عسکری مقاصد کے لیے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت روک دے تو پھر عالمی تجارت مسلسل خوف اور غیر یقینی کا شکار ہو جائے گی۔ پاکستان کی تشویش اسی تناظر میں نہایت برمحل ہے کیونکہ اس کی تجارت کا بڑا حصہ بھی انھی عالمی بحری راستوں سے وابستہ ہے۔
پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کر کے نہ صرف دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مضبوط کیا ہے بلکہ ایک اصولی موقف بھی اختیار کیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط اعتماد، مذہبی وابستگی، اقتصادی تعاون اور دفاعی اشتراک پر استوار ہیں۔ اس لیے اگر کسی بحران کے ذریعے سعودی عرب کو براہِ راست جنگ میں گھسیٹنے یا اس کے تجارتی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے تو پاکستان کا اس پر تشویش ظاہر کرنا ایک ذمے دار دوست اور شراکت دار ریاست کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
اس وقت اصل تشویش صرف بحیرہ احمر تک محدود نہیں رہی بلکہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی نے پورے خطے کو ایک نئے اور زیادہ خطرناک مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے مسلسل سخت بیانات، ایک دوسرے کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں اور فوجی کارروائیوں کا دائرہ وسیع ہونے کے امکانات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جنگ اب محدود رہنے کے بجائے تدریجاً علاقائی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ جب عسکری کارروائیوں کا ہدف پل، بجلی گھر، توانائی کے مراکز اور دیگر شہری تنصیبات بن جائیں تو اس کے اثرات براہِ راست عام شہریوں پر مرتب ہوتے ہیں۔
اس تمام منظرنامے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی قانون اور سمندری ضابطوں کا احترام مسلسل کمزور پڑ رہا ہے، اگر بحری گزرگاہوں کو سیاسی دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کیا جانے لگا تو مستقبل میں دنیا کے دیگر حساس سمندری راستے بھی اسی نوعیت کے تنازعات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس لیے عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ آزادی جہاز رانی، تجارتی تحفظ اور شہری بنیادی ڈھانچے کے احترام کو ہر حال میں یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔
پاکستان کے لیے موجودہ حالات ایک واضح پیغام رکھتے ہیں کہ بحری سلامتی کو قومی سلامتی کی حکمت عملی کا مزید مضبوط حصہ بنایا جائے۔ بحری افواج کی استعداد، ساحلی نگرانی، بندرگاہوں کی حفاظت، تجارتی جہازوں کی سیکیورٹی اور بین الاقوامی بحری تعاون کو مزید موثر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ گوادر اور کراچی جیسے اہم بندرگاہی مراکز صرف قومی معیشت کے ستون نہیں بلکہ علاقائی تجارت کے اہم مراکز بھی ہیں، جن کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے۔
اس بحران میں پاکستان کے لیے سفارتی توازن بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں تو دوسری جانب ایران ایک ہمسایہ اور اہم علاقائی ملک ہے۔ اس لیے پاکستان کا کردار اشتعال انگیزی میں اضافہ کرنے کے بجائے کشیدگی کم کرنے، رابطے بڑھانے اور مذاکرات کی حمایت کرنے کا ہونا چاہیے۔ یہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی روایات، قومی مفادات اور علاقائی امن کے تقاضوں سے مطابقت رکھتا ہے۔
عالمی طاقتوں کو بھی یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ طاقت کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیاں عارضی ہوتی ہیں، جب کہ ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والا عدم استحکام کئی دہائیوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔ مشرق وسطیٰ پہلے ہی جنگوں، پابندیوں، پراکسی تنازعات اور بیرونی مداخلتوں کے باعث شدید نقصان اٹھا چکا ہے، اگر موجودہ کشیدگی کو بروقت نہ روکا گیا تو اس کے اثرات صرف جنگ میں شامل ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری عالمی معیشت، توانائی کے نظام اور بین الاقوامی امن کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔
پاکستان کا حالیہ موقف اسی لیے اہم ہے کہ اس میں اپنے قومی اور بحری مفادات کے تحفظ کا واضح اعلان بھی موجود ہے، سعودی عرب کی سلامتی کے ساتھ اصولی یکجہتی بھی اور بالواسطہ یہ پیغام بھی کہ سمندری راستوں کو جنگی حکمت ِ عملی کا ہدف بنانا کسی کے مفاد میں نہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اشتعال انگیز بیانات، عسکری دھمکیوں اور جوابی کارروائیوں کے بجائے سنجیدہ سفارت کاری، علاقائی مکالمے اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی کو ترجیح دی جائے، اگر بنیادی ڈھانچے، توانائی کے مراکز، بحری راستوں اور تجارتی جہازوں کو جنگ کا مستقل ہدف بنا دیا گیا تو دنیا ایک ایسے بحران میں داخل ہو سکتی ہے جس کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جائیں گے۔ امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ ایسا بین الاقوامی نظم ہے جس میں تجارت محفوظ ہو، ریاستوں کی خودمختاری محترم رہے، شہری تنصیبات محفوظ ہوں اور اختلافات کا فیصلہ میدان جنگ کے بجائے مذاکرات کی میز پر ہو۔ یہی وہ راستہ ہے جو مشرق وسطیٰ کو مزید تباہی سے بچا سکتا ہے اور یہی وہ سوچ ہے جس کی آج پوری دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔