ایپسٹین فائلز نے میری ازدواجی زندگی کی تکلیف دہ یادیں تازہ کر دیں، میلنڈا فرنچ گیٹس
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2026 GMT
ارب پتی فلاحی کارکن اور بل گیٹس کی سابق اہلیہ میلنڈا فرنچ گیٹس نے کہا ہے کہ جیفری ایپسٹین سے متعلق نئی سرکاری فائلز میں سابق شوہر بل گیٹس کا نام سامنے آنے سے ان کی ازدواجی زندگی کے نہایت تکلیف دہ لمحات دوبارہ یاد آ گئے ہیں۔
این پی آر کے پوڈکاسٹ ’وائلڈ کارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے میلنڈا فرنچ گیٹس نے کہا کہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کی جانے والی لاکھوں دستاویزات نے انہیں ناقابلِ بیان غم میں مبتلا کر دیا۔
ان فائلز میں بدنام فنانسر جیفری ایپسٹین کے تحریر کردہ ایسے حوالے شامل ہیں جن میں بل گیٹس کا ذکر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ایپسٹین 2019 میں جنسی اسمگلنگ کے مقدمے کے دوران جیل میں ہلاک ہو گیا تھا۔
میلنڈا نے کہا، ’جب بھی یہ تفصیلات سامنے آتی ہیں تو میرے لیے ذاتی طور پر یہ بہت مشکل ہوتا ہے، کیونکہ اس سے میری شادی کے کچھ انتہائی دردناک دن یاد آ جاتے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے ایپسٹین فائلز: نواز شریف کے بجائے عمران خان کو کیوں موثر شخصیت قرار دیا گیا؟
اگرچہ فائلز میں کسی کا نام آنا بذاتِ خود کسی جرم کا ثبوت نہیں، تاہم ان دستاویزات نے ایک بار پھر اس وسیع نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ہے جس میں سیاستدان، بزنس ٹائیکونز، فلاحی شخصیات اور مشہور افراد شامل تھے۔ اور جن میں سے کئی نے ایپسٹین کے 2008 میں نابالغ لڑکی سے جنسی جرم کی سزا کے بعد بھی اس سے روابط قائم رکھے۔
میلنڈا نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے میں اپنے سابق شوہر کا دفاع نہیں کریں گی۔
’جو بھی سوالات باقی ہیں، وہ ان لوگوں کے لیے ہیں، حتیٰ کہ میرے سابق شوہر کے لیے بھی۔ ان سوالوں کا جواب انہیں دینا ہوگا، مجھے نہیں۔‘
جاری کردہ فائلز میں 2013 کی 2 ای میلز بھی شامل ہیں، جو مبینہ طور پر ایپسٹین نے خود تحریر کیں۔
ایک ای میل میں اس نے دعویٰ کیا کہ بل گیٹس کسی جنسی بیماری میں مبتلا ہوئے اور اپنی اہلیہ کو خفیہ طور پر اینٹی بایوٹکس دینے کے خواہاں تھے۔
دوسری ای میل میں ایپسٹین نے بل گیٹس پر ’اخلاقی طور پر نامناسب‘ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے۔
تاہم بل گیٹس کے ترجمان نے ان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے ’ایک ثابت شدہ جھوٹے اور ناراض شخص‘ کے ہیں اور سراسر بے بنیاد ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ دستاویزات صرف ایپسٹین کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہیں کہ اس کا بل گیٹس سے تعلق برقرار نہ رہ سکا۔
بل گیٹس ماضی میں متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ ان کی ایپسٹین سے ملاقاتیں محدود تھیں اور وہ بھی محض فلاحی منصوبوں پر گفتگو تک تھیں، جو کبھی عملی شکل اختیار نہ کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیے جیفری ایپسٹین اسکینڈل سے شاہ چارلس کی سابق بھابی، بھتیجیوں کا کیا تعلق تھا؟
میلنڈا فرنچ گیٹس نے انٹرویو میں کہا، ’مجھے( بل گیٹس کے ساتھ) اپنی شادی ختم کرنا پڑی، پھر میں نے فاؤنڈیشن سے بھی علیحدگی اختیار کی۔ یہ سب بہت افسوسناک ہے، لیکن میں زندگی میں آگے بڑھ سکی ہوں، اور اب امید ہے کہ ان خواتین کو انصاف ملے گا جنہوں نے یہ سب کچھ برداشت کیا۔‘
میلنڈا اور بل گیٹس نے 27 سالہ شادی کے بعد 2021 میں طلاق لے لی تھی۔ امریکی میڈیا کے مطابق میلنڈا طلاق سے قبل ہی بل گیٹس کے ایپسٹین سے روابط پر شدید بے چینی کا شکار تھیں۔ بعد ازاں بل گیٹس نے 2019 میں مائیکروسافٹ کی ایک ملازمہ سے تعلق کا اعتراف بھی کیا تھا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ایپسٹین فائلز بل گیٹس میلنڈا فرنچ گیٹس.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ایپسٹین فائلز بل گیٹس میلنڈا فرنچ گیٹس میلنڈا فرنچ گیٹس فائلز میں بل گیٹس گیٹس نے
پڑھیں:
لاہور میں موسلا دھار بارش، سڑکیں زیر آب، معمولات زندگی متاثر
لاہور میں مون سون کی شدید بارشوں نے معمولات زندگی متاثر کر دیے، کئی علاقوں میں سڑکیں، چوراہے اور انڈر پاسز پانی میں ڈوب گئے جبکہ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شہر میں 343 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض سڑکوں اور گلیوں میں 3 سے 4 فٹ تک پانی کھڑا رہا، جبکہ کئی مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں بارش کے بعد کئی علاقے زیر آب، ’اب آفس جانےکے لیے کشتی کی ضرورت ہوگی‘
ڈیفنس کے فیز ون سے فیز فائیو تک مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوئی، جبکہ غازی انڈر پاس اور مسجد چوک انڈر پاس کو پانی بھرنے کے باعث بند کرنا پڑا اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا۔
حربنس پورہ، مال روڈ، کوپر روڈ، لکشمی چوک اور چوبرجی چوک سمیت متعدد علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کی اطلاعات ملیں، جہاں واسا کی ٹیمیں نکاسی آب میں مصروف رہیں۔
شدید بارش کے باعث شہر کی کئی سڑکوں پر گڑھے بھی پڑ گئے۔ کینال روڈ، جوہر ٹاؤن مین بلیوارڈ اور بھیکے والا موڑ سمیت مختلف مقامات پر سڑکیں متاثر ہوئیں، جس کے بعد ٹریفک پولیس نے متاثرہ علاقوں کو بند کرکے متبادل راستے فراہم کیے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون سیزن: لاہور سے ایک گھنٹے میں بارش کا پانی نکالنا ہدف ہے، ڈی ایم ڈی واسا
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 21 افراد جاں بحق اور 154 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 15 افراد مکانات گرنے، 2 آسمانی بجلی گرنے، 3 کرنٹ لگنے جبکہ ایک شخص ڈوبنے سے جاں بحق ہوا۔
واسا لاہور کے مطابق شہر میں ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کا عمل جاری ہے، تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل استعداد کے ساتھ کام کر رہے ہیں جبکہ متاثرہ مقامات پر اضافی مشینری اور عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور واسا نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، نشیبی علاقوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں نے تاہم ہر سال بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news بارش پانی زیر آب لاہور