تعلیمی مراکز قائم کرنے والی انڈین ٹیچر کیلئے ایک ملین ڈالر کا ٹیچر پرائز
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2026 GMT
دہلی (ویب ڈیسک) انڈیا سے تعلق رکھنے والی معروف ٹیچر اور سماجی کارکن روبل ناگی جنہوں نے ملک بھر میں سینکڑوں تعلیمی مراکز قائم کیے اور کچی آبادیوں کی دیواروں پر تعلیمی میورلز بنائیں، کو ایک ملین ڈالر کا عالمی اعزاز گلوبل ٹیچر پرائز دے دیا گیا۔
ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روبل ناگی نے یہ اعزاز جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہونے والے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے دوران وصول کیا جس میں دنیا بھر کے رہنما شریک ہوتے ہیں۔
روبل ناگی آرٹ فاؤنڈیشن کے تحت اب تک انڈیا بھر میں 800 سے زائد تعلیمی مراکز قائم کیے جا چکے ہیں، جن کا مقصد ان بچوں کو منظم تعلیم فراہم کرنا ہے جو کبھی سکول نہیں گئے جبکہ سکول جانے والے بچوں کی تعلیمی معاونت بھی کی جاتی ہے۔
روبل ناگی نے کچی آبادیوں کی دیواروں پر ایسے تعلیمی میورلز بھی بنائے ہیں جن کے ذریعے بچوں کو خواندگی، سائنس، ریاضی، تاریخ اور دیگر مضامین سکھائے جاتے ہیں۔
یہ عالمی اعزاز وارکی فاؤنڈیشن کی جانب سے دیا جاتا ہے جس کے بانی سنی وارکی ہیں، سنی وارکی ہی منافع بخش تعلیمی ادارہ جی ای ایم ایس ایجوکیشن کے بانی بھی ہیں جو مصر، قطر اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں درجنوں سکول چلاتا ہے۔
وارکی فاؤنڈیشن کے بانی سنی وارکی نے ایک بیان میں کہا کہ ’روبل ناگی تدریس کی بہترین مثال ہیں، جن میں جرات، تخلیقی صلاحیت، ہمدردی اور ہر بچے کی صلاحیت پر غیر متزلزل یقین شامل ہے، انہوں نے پسماندہ ترین طبقات تک تعلیم پہنچا کر نہ صرف انفرادی زندگیاں بدلیں بلکہ خاندانوں اور کمیونٹیز کو بھی مضبوط کیا۔‘
روبل ناگی کا کہنا ہے کہ وہ انعامی رقم سے ایک ایسا ادارہ قائم کریں گی جہاں مفت پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی، یونیسکو کی سسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم، سٹیفانیا جیانینی نے کہا کہ یہ اعزاز ’ہمیں ایک سادہ حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ اساتذہ کی اہمیت مسلمہ ہے۔‘
واضح رہے کہ روبل ناگی اس اعزاز کو حاصل کرنے والی دسویں ٹیچر ہیں، گلوبل ٹیچر پرائز کا آغاز 2015 میں کیا گیا تھا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: روبل ناگی
پڑھیں:
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ: قومی ٹیم نے دوسرے روز بنگلا دیش کو شکست دے دی
کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی پاکستان کا جادو سر چڑھ کر بولا، قومی ٹیم نے بنگلادیش کو کسی بھی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مسلسل تین سیٹ جیت کر 0-3 سے شاندار فتح اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 16-25 سے جیتا، دوسرے سیٹ میں بھی سبز ہلالی پرچم بلند رکھا اور 17-25 سے کامیابی سمیٹی۔
تیسرے سیٹ میں بنگلادیش نے بھرپور مزاحمت کی، مگر پاکستانی کھلاڑیوں نے اعتماد اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 22-25 سے فتح حاصل کی اور میچ بغیر کوئی سیٹ گنوائے تین صفر سے اپنے نام کر لیا۔
قومی ٹیم کی یہ مسلسل دوسری فتح کاوا چیمپئن شپ میں پاکستان کے مضبوط عزائم کا واضح اعلان ہے جبکہ شاندار کارکردگی نے ٹائٹل کی دوڑ میں پاکستان کو مزید مضبوط امیدوار بنا دیا۔