افغانستان میں ریاستی جبر عروج پر، یوناما کی رپورٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2026 GMT
اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان (یوناما) نے افغان طالبان کے زیرِ اقتدار افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر ایک تشویشناک رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں جاری ہیں، جبکہ ریاستی جبر اور عوامی آزادیوں پر سخت پابندیاں برقرار ہیں۔
یوناما کے مطابق طالبان حکومت میں آزاد صحافت اور میڈیا پر قدغنیں بدستور قائم ہیں اور حالیہ مہینوں میں ان پابندیوں میں مزید شدت آئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صحافیوں کو دھمکیوں، گرفتاریوں اور سنسرشپ کا سامنا ہے، جس کے باعث آزاد اطلاعات کا حصول شدید متاثر ہو رہا ہے۔
رپورٹ میں طالبان کے عام معافی کے دعووں کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ یوناما کے مطابق سابق حکومتی اہلکاروں اور سیکیورٹی فورسز کے ارکان کو اب بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو اعلان کردہ پالیسیوں کے برعکس ہے۔
خواتین کے حقوق کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان کی جانب سے خواتین پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔ تعلیم، روزگار اور سفر پر عائد رکاوٹیں بدستور برقرار ہیں، جس سے خواتین کی سماجی اور معاشی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
یوناما نے اپنی رپورٹ میں اس امر کی نشاندہی بھی کی ہے کہ افغانستان میں نظامِ انصاف مفلوج ہو چکا ہے اور نام نہاد فوجداری قوانین کے ذریعے ظلم و زیادتی کو قانونی شکل دی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کو دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی ترک کر کے افغانستان کی بگڑتی معیشت، انسانی حقوق، تعلیم، صحت اور روزگار کی بحالی کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے، تاکہ افغان عوام کو درپیش سنگین بحران سے نکالا جا سکے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔