وزیراعظم، اسحاق ڈار سے وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات، تجارتی معاہدہ اقتصادی شراکت داری میں بدل دینگے: پاکستان، انڈونیشیا
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2026 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور انڈونیشیا نے 2027ء تک ترجیحی تجارتی معاہدے کو جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے میں بدلنے کے لئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انڈونیشیا کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر برائے سرمایہ کاری و ڈائون سٹریم انڈسٹری روسن روئیسلانی (Rosan Roeslani) کی سربراہی میں 5 رکنی وفد نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دہائیوں پر مبنی برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرابووو سوبیانتو کا گزشتہ سال پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے انتہائی مفید اور نتیجہ خیز رہا۔ وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے 58ویں اجلاس کے دوران انڈونیشیائی صدر کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے، ساورن ویلتھ فنڈ کے ماڈل کے حوالے سے انڈونیشیا کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ انڈونیشیائی وزیر سرمایہ کاری نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری نے دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے انڈونیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسر بھی موجود تھے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انڈونیشیا کے وزیر برائے سرمایہ کاری و ڈائون سٹریم انڈسٹری اور انڈونیشیا کے خودمختار ویلتھ فنڈ (دانانتارا) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روسن روئیسلانی کے ساتھ گزشتہ روز یہاں وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے، تعاون کے ممکنہ مواقع اور باہمی مفاد پر مبنی منصوبوں کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز رہی جن میں بہترین طریقہ کار کا تبادلہ اور صحت سمیت ترجیحی شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ وزارت خزانہ، سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظرنامے، ترجیحی شعبوں اور سہولت کے طریقہ کار پر پریزنٹیشنز دی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا کے تجربات اور مہارت بالخصوص خودمختار ویلتھ فنڈ کے ڈھانچوں اور ڈائون سٹریم سرمایہ کاری کے شعبہ سے استفادہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کویت کے سیاسی تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو عملی شکل دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یہاں رقمی اسلامک بنک کو ڈیجیٹل لائسنس کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے لائسنس کے اجراء پر رقمی بورڈ کے چیئرمین اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ رقمی بینک کو ڈیجیٹل بینکنگ کے لئے لائسنس کا اجراء پاکستان- کویت تعلقات کے لئے بہت اہم ہے، اس سے پاکستان میں بینکاری کے شعبے کو فروغ ملے گا۔ سیاسی تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کرنا اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں تبدیل کرنا ہے، اقتصادی شراکت داری کے لئے کویتی قیادت کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لئے پرعزم ہیں، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو عملی شکل دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ سی ای او رقمی اسلامک بنک عمیر اعجاز نے کہا کہ شرعی اصولوں کے مطابق بینکاری کا فروغ رقمی بنک کا عزم ہے، رقمی ڈیجیٹل بینکنگ پاکستان میں کیش لیس معیشت کی طرف اہم پیشرفت ہے۔ رقمی بینک کو تجارتی سرگرمیوں کے لئے لائسنس ملنا اہم سنگ میل ہے، تمام شعبہ زندگی کی مالیاتی نظام میں شمولیت کے لئے پرعزم ہیں، تمام شعبہ زندگی کی ترقی کے لئے مواقع کی فراہمی ترجیح ہو گی۔ چیئرمین رقمی بورڈ عبداللہ مطیری نے کہا کہ رقمی ڈیجیٹل بنک کو تجارتی سرگرمیوں کے لئے لائسنس کا اجراء تاریخی لمحہ ہے، یہ اقدام پاکستان اور کویت کے درمیان قریبی تعلقات کا بھی عکاس ہے، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان اور کویت کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات کو معاشی ترقی کے لئے بروئے کار لانا ہے۔ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہت اہم ملک ہے۔ رقمی بینک کا آغاز پاکستان کے شاندار معاشی مستقبل پر اعتماد کا مظہر ہے۔ تقریب میں وزیراعظم نے چیئرمین رقمی بورڈ عبداللہ مطیری کو رقمی اسلامک بنک کے لئے ڈیجیٹل لائسنس دیا۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف غزہ پیس بورڈ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق غزہ بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس 19 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف 13 سے 15 فروری تک جرمنی کا دورہ کریں گے جہاں وہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم دورہ جرمنی مکمل کرنے کے بعد وہیں سے واشنگٹن روانہ ہو جائیں گے۔ غزہ پیس بورڈ میں شامل تمام مسلم ممالک اجلاس میں ایک مشترکہ موقف اپنائیں گے۔ اجلاس کے دوران غزہ کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام سے متعلق اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ دریں اثناء اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں کمبوڈیا کے وزیر تجارت چام نیمول نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے قریبی تعاون کی باہمی خواہش کا اعادہ کیا، بالخصوص پاکستان-کمبوڈیا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے دائرہ کار میں معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا گیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے آسیان (ASEAN) کے ساتھ پاکستان کی مصروفیات کو بھی اجاگر کیا اور تنظیم کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پاکستان اور کویت کے کے لئے پرعزم ہیں سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید اور انڈونیشیا انڈونیشیا کے کا اعادہ کیا شراکت داری شہباز شریف اسحاق ڈار کے درمیان پاکستان ا نے کہا کہ کے مطابق انہوں نے کے وزیر کے ساتھ
پڑھیں:
مصر کے وزیرِ خارجہ کا اسحاق ڈار کو ٹیلیفون، خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال
سٹی 42 : نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی کی جانب سے امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل سفارتی روابط کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ۔
لاہور بورڈ کا بڑا فیصلہ، داخلہ فارم مکمل طور پر آن لائن کرنے کی تجویز