کاٹھور کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-e-type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی: کاٹھور کے قریب گڈاپ لنک روڈ پر آئل ٹینکر، کوچ اور دیگر گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کوچ مبینہ طور پر غلط سمت سے آ رہی تھی اور سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے بعد کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ تصادم کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کچھ مسافر پل سے نیچے جا گرے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر افراتفری پھیل گئی اور ٹریفک کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ملبہ ہٹانے اور پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری بھی طلب کی گئی، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے اور علاقے کو محفوظ بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی حکم دیا کہ متبادل راستوں سے ٹریفک کی روانی بحال کی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور کوچ ڈرائیور کی غفلت سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تیز رفتاری اور غلط سمت ڈرائیونگ حادثے کی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔
مقامی افراد اور عینی شاہدین نے مطالبہ کیا ہے کہ گڈاپ لنک روڈ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے کیونکہ اس شاہراہ پر ماضی میں بھی متعدد مہلک حادثات پیش آ چکے ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
چیک ریپبلک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ ایک فوجی ہلاک اور 4 زخمی
چیک ریپبلک کے مشرقی حصے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چیک وزارتِ دفاع اور فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ بدھ کے روز نامیشت ناد اوسلاوو ایئر فورس بیس پر پیش آیا جو دارالحکومت پراگ سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر UH-1Y Venom تھا، جس میں مجموعی طور پر 5 فوجی اہلکار سوار تھے۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی فوجی تربیتی سرگرمی کے سلسلے میں پرواز کر رہا تھا، تاہم حکام نے ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوج نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہیں۔
چیک حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں، آیا حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات کے نتائج سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔