پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ قابل تشویش ہے، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2026 GMT
ایم ڈبلیو ایم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ماہ مبارک رمضان سے چند روز قبل اس طرح کے اقدامات مافیاز کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بڑھانے کا جواز بھی فراہم کرتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے جاری کردہ بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے اقدامات عوام دشمن ہیں۔ حکومت ایک مہینے میں دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ جس سے نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات، بلکہ اس سے جڑی ہر چیز مسلسل مہنگی ہو رہی ہے، اور بلآخر سارا بوجھ عوام پر ہی آتا ہے۔ حکومتی پالیسیوں نے پہلے ہی عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر اشیائے خوردونوش اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر پڑتا ہے۔ حکومت کے ان فیصلوں سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے اور غربت کی چکی میں پسنے والے عوام غریب سے غریب تر ہوتے ہیں۔ دوسری جانب ملکی معیشت بھی شدید متاثر ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ماہ مبارک رمضان سے چند روز قبل اس طرح کے اقدامات مافیاز کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بڑھانے کا جواز بھی فراہم کرتے ہیں۔ ماہ مبارک کے دوران اشیائے ضروریہ اور ٹرانسپورٹ کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لئے مشکلات کا باعث بنیں گے۔ حکومت کے ایسے اقدامات ماہ مبارک میں مہنگائی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ بیان میں کہا مزید گیا کہ ایک طرف حکمران مراعات اور سہولیات کے مزے لوٹ رہے ہیں، تو دوسری طرف وفاقی حکومت ٹیکسز کا بھاری بوجھ پیٹرولیم مصنوعات کے ذریعے عوام پر ڈال رہی ہے۔ حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا کہ متوسط طبقہ حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا ہے۔ پالیسیوں اور فیصلہ سازی کے دوران عوام الناس کے بارے میں نہیں سوچا جاتا، جس کے منفی نتائج نکلتے ہیں۔ حکومت عوام الناس پر اضافی ٹیکسز سے گریز کرے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت عوام الناس کی اشیائے ضروریہ، بلخصوص پیٹرول کی قیمتوں کو قابو میں رکھتے ہوئے انہیں عوام الناس کی دسترس میں رکھے۔ حکومت ہر پالیسی اور ہر فیصلے کے دوران عوام الناس کو مدنظر ضرور رکھے، کیونکہ غلط فیصلوں کے نتائج عوام الناس کو بھگتے پڑتے ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں میں کہا عوام الناس ماہ مبارک کہا گیا گیا کہ
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔