ماہ رمضان میں تقویٰ، صبر اور مضبوط قوت ارادی کے حصول پر توجہ دیں، سید سعادت اللہ حسینی
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2026 GMT
جماعت اسلامی ہند کے امیر نے کہا کہ سوشل میڈیا اور بڑھتی بے حیائی کے باعث ایمان اور اخلاقیات کو مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے، ڈیجیٹل دور میں اخلاقی قدریں شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ رمضان کو تزکیہ نفس، صبر و استقامت اور مضبوط قوت ارادی کا ذریعہ بنائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے وقت میں جب ایمان اور اخلاقی قدریں مسلسل دباؤ کا شکار ہیں روزہ تقویٰ، صبر اور اخلاقی مضبوطی پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے امیر نے کہا کہ تقویٰ دل کی ایک کیفیت کا نام ہے، اللہ کی موجودگی اور اس کی نگرانی کا احساس انسان کو گناہ سے دور رہنے اور نیکی کی طرف مائل کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ روزہ مسلمانوں کو یہ شعور عطا کرتا ہے کہ وہ محض ظاہری عبادات اور رسمی پابندیوں تک محدود نہ رہے بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں تقویٰ اور پرہیزگاری کا احساس برقرار رکھیں۔
روزے کے روحانی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ روزے کے ذریعے انسان جسمانی لذتوں کے مقابلے میں روحانی مسرتوں سے آشنا ہوتا ہے۔ بھوک اور ضبطِ نفس یہ حقیقت واضح کرتے ہیں کہ صرف جسمانی آرام و آسائش ہی زندگی کا مقصد نہیں ہے بلکہ توبہ و استغفار روح کو پاکیزگی عطا کرتے ہیں اور مقصد حیات کو واضح کرتے ہیں۔ سید سعادت اللہ حسینی نے رمضان کو صبر کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صبر کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنے اصولوں پر چٹان کی طرح مضبوطی سے قائم رہے، چاہے بیرونی دباؤ ہو یا اندرونی خواہشات کا زور۔ انہوں نے کہا کہ روزہ بھوک، پیاس، مصروفیات اور توجہ بٹانے والے عوامل کے باوجود ضبطِ نفس کی تربیت دیتا ہے تاکہ انسانی زندگی نفس کے بجائے اللہ کے احکام کی تابع ہو۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا کے لیے روزمرہ کی معمولات میں تبدیلی کے ذریعے مسلمان ارادے کی مضبوطی اور مشکل فیصلے کرنے کی طاقت پیدا کرتا ہے اور دباؤ میں بھی ثابت قدم رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور بڑھتی بے حیائی کے باعث ایمان اور اخلاقیات کو مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے، ڈیجیٹل دور میں اخلاقی قدریں شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ محض علامتی عبادات تک محدود نہ رہیں بلکہ رمضان کو اپنی زندگی کا ایک ایسا پڑاؤ بنائیں جو ذاتی اور اجتماعی سطح پر تبدیلی کا ذریعہ بنے، جس کی بنیاد تقویٰ اور استقامت پر قائم ہو۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سید سعادت اللہ حسینی اور اخلاقی نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
کوئٹہ: سرکاری دستاویزات میں شہریوں کو غیرقانونی سہولت دینے والے 14 ایجنٹ گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔
بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔