عمران خان سے نہ کوئی ڈیل ہوئی ہے نہ ہوگی، حکومت کی پیشکش میثاقِ استحکامِ پاکستان ہے، رانا ثنا اللہ
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2026 GMT
مشیرِ وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے نجی ٹیلیویژن پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عمران خان سے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہ ہوئی ہے اور نہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پیشکش صرف یہ ہے کہ تمام سیاسی قوتیں مل کر میثاقِ استحکامِ پاکستان کے لیے بیٹھیں اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کام کریں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان نے جیل سے باہر آنے سے انکار کیوں کیا؟ رانا ثنا نے وجہ بتادی
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کے بیان کو ایک فقرے تک محدود کرنے کے بجائے پورے تناظر میں دیکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب انہوں نے کہا کہ ان کی شرط یہ ہے کہ آپ ادھر آ جائیں اور میں ادھر آ جاؤں جہاں آپ ہیں، تو اس سے مراد یہ تھی کہ اس نوعیت کی کوئی ڈیل ممکن ہی نہیں۔ ان کے بقول حکومت کی جانب سے عمران خان سے نہ کوئی ڈیل ہوئی ہے اور نہ ہوگی، جبکہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے بھی کبھی کوئی ڈیل آفر نہیں کی گئی اور نہ ہی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو جب عمران خان نے اسلام آباد کا رخ کیا تو اس وقت ایک بات چیت ضرور ہوئی تھی، تاہم وہ اس پر متفق نہیں ہوئے۔ موجودہ سیاسی بحران کے دوران ان کی سیکنڈ درجے کی قیادت سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور انہیں بارہا سمجھایا گیا ہے کہ اگر وہ ملاقاتوں کو ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف بیانیے، بلو دی بیلٹ گفتگو، جیل سے باہر آ کر پریس کانفرنسوں اور ٹویٹس کے لیے استعمال نہ کریں تو ملاقاتوں میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر وہ اس بات پر آمادہ ہو جائیں تو کیا اسے ڈیل کہا جائے گا؟ ملاقاتیں ہو سکتی ہیں، مگر اسے ڈیل قرار دینا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود عمران خان کے حوالے سے کہا جا چکا ہے کہ وہ کسی ڈیل کے لیے تیار نہیں۔ اس سلسلے میں دو سنجیدہ کوششیں ہوئیں، لیکن وہ نہ صرف ڈیل کے لیے تیار نہیں بلکہ جو شرائط وہ پیش کرتے ہیں، مثلاً یہ کہ ہم وہاں چلے جائیں اور وہ باہر آ جائیں، وہ ان کی اپنی شرائط ہیں۔ حکومت کی جانب سے کسی مخصوص ڈیل کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بطور وزیراعظم واضح کر چکے ہیں کہ آئیں میثاقِ استحکامِ پاکستان کریں اور سب مل کر ملک کو مضبوط بنانے کے لیے بیٹھیں۔ اگر عمران خان واقعی پاکستان کے لیے بیٹنگ کو تیار ہیں، جیسا کہ علی امین گنڈاپور نے کہا، تو پھر دہشت گردی کے خلاف تعاون کیا جائے اور ریاست مخالف بیانیے سے گریز کیا جائے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
پڑھیں:
آزاد کشمیر انتخابات: استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم کانفرنس میں انتخابی اتحاد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل اہم سیاسی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے انتخابی اتحاد اور مختلف حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے اصولی فارمولے پر اتفاق کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے، چیف الیکشن کمشنر کا واضح پیغام
یہ اتفاق رائے استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اور دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف انتخابی حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے اصولی فارمولے کی منظوری دے دی جبکہ انتخابات کے بعد بھی مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔
مزید پڑھیے: تنویر الیاس کے قافلے پر حملہ، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی شدید مذمت
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کی مشترکہ رابطہ کمیٹی جلد مختلف حلقوں میں امیدواروں کی حمایت اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق حتمی اعلان کرے گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس اتحاد کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ دونوں جماعتیں مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے انتخابی میدان میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت استحکام پاکستان پارٹی کی ہوگی، تنویر الیاس کا دعویٰ
ملاقات کے موقع پر سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے چیئرمین سردار عثمان عتیق، کھائیگلہ پونچھ سے مسلم کانفرنس کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عرفان اشرف، سابق امیدوار اسمبلی سردار منظور ایڈووکیٹ، سابق ڈی جی ہیلتھ سردار محمود خان، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید، ممبر میونسپل کارپوریشن باغ سردار شجاع منگول ایڈووکیٹ، سابق پولیٹیکل سیکرٹری سردار شبریز صابر، پیر عبدالقادر، سردار عفان عتیق، راجہ عبدالجبار اور اسٹاف آفیسر سردار حفیظ خان بھی موجود تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر تنویر الیاس اور سرادر عتیق احمد کی ملاقات سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان