اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ سے متعلق فنانشل بڈ منظور ہونے کی خبروں کی تردید
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ سے متعلق فنانشل بڈ منظور ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ فنانشل بڈ سے متعلق غلط خبریں گمراہ کن ہیں، (ٹی ای آر جی) کنسورشیم کی مالی پیشکش/فنانشل بڈ منظور ہونے کا دعویٰ بےبنیاد اور غیر مستند ہے۔
پی اے اے نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کا معاملہ قانونی عمل سے گزر رہا ہے، میڈیا سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل ہے کہ وہ باضابطہ اعلان کا انتطار کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ قومی معاملات پر غیر مصدقہ رپورٹنگ نقصان دہ ہو سکتی ہے، آؤٹ سورسنگ فنانشل بڈ سے متعلق باضابطہ اعلان مناسب وقت پر جاری کیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ اسلام آباد
پڑھیں:
ادویات مہنگی ہونے کا خدشہ، قیمتوں سے متعلق اہم فیصلوں کے لیے حکومتی مشاورت جاری
اسلام آباد:ملک میں پیٹرولیم مصنوعات، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد اب ادویات بھی مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کابینہ کمیٹی برائے ادویات کی قیمتوں کا اہم اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ادویات کی قیمتوں اور ان کی دستیابی سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج، سیکریٹری قومی صحت، چیف ایگزیکٹو آفیسرڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور وزارتِ خزانہ و تجارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈریپ نے نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین، ہارڈ شپ درخواستوں، قیمتوں سے متعلق مختلف معاملات اور ضروری ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی کو گزشتہ اجلاس کے بعد ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور مختلف سفارشات پیش کی گئیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی قیمتوں سے متعلق تمام فیصلے شفاف، شواہد پر مبنی، مشاورتی عمل اور وسیع تر عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو ایک متوازن حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی تاکہ ایک جانب مریضوں کو ضروری ادویات مناسب قیمت پر دستیاب رہیں اور دوسری جانب ادویہ ساز صنعت کی پائیدار پیداوار اور فراہمی بھی متاثر نہ ہو۔
محمد اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتوں سے متعلق کیے جانے والے فیصلوں اور ان کی وجوہات سے عوام کو بروقت اور واضح انداز میں آگاہ کیا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ فیصلے کے پس منظر اور مقاصد کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی کی سفارشات اور ڈریپ کی تجاویز کی روشنی میں آئندہ دنوں میں ادویات کی قیمتوں سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، تاہم حکومت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عوامی مفاد اور مریضوں کی سہولت کو ہر صورت ترجیح دی جائے گی۔