وزیر خزانہ ’العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز‘ میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب پہلی اعلیٰ سطحی سالانہ "العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز" میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ اپنے سعودی ہم منصب محمد الجدان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے قدیم تاریخی شہر العلا میں 16 فروری سے شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کریں گے، دورہ کے دوران وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق " العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز" انٹرنیشنل مانٹری فنڈ(آئی ایم ایف) اور سعودی وزارت خزانہ کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے، کانفرنس میں مجموعی طور پر 9 نشستیں ہوں گی جن میں 200 شرکا اور 36 مقررین شریک ہوں گے، کانفرنس میں 48 ممالک کو مدعو کیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا کہ کانفرنس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی خصوصی شرکت ان پالیسی اقدامات کے تناظر میں ہے جن کی بدولت حالیہ وقتوں میں غیر یقینی اور غیر مستحکم علاقائی اور عالمی ماحول کے باوجود پاکستانی معیشت میں استقلال اور مثبت سازگار تبدیلیاں رونما ہوئیں۔
بیان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کانفرنس کے دوران "ابھرتی ہوئی پر استقلال منڈیوں کا راستہ" کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں شریک ہوں گے، آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا پینل مباحثے کی میزبانی کریں گی۔
مباحثے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کے مصر، برازیل اور ترکیہ کے ہم منصب وزرا شریک ہوں گے۔
"العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز" ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں کی سوچ اور فکر کی بنیاد پر ایک مضبوط اور پائیدار عالمی معیشت کی تعمیر کے لئےہر سال سعود عرب میں منعقد کی جائے گی۔
العلا شہر میں منعقدہ افتتاحی کانفرنس میں منتخب ملکوں کے وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنرز اور پالیسی سازوں کے علاوہ تعلیمی اداروں، بین الاقوامی اداروں اور نجی شعبے کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں بدلتی دنیا میں استقلال کی تعمیر اور طاقت بھری اٹھان کے موضوع پر ابھرتی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں کی جانب سے خطرات سے نمٹنے اور عالمی معاشی چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے موزوں معاشی اور مالیاتی پالیسیوں پر بحث کی جائے گی۔
یہ کانفرنس ایسے وقت میں منعقد کی جا رہی ہے جب دنیا گہرے اور مسلسل اقتصادی جھٹکوں، تجارتی تناؤ، جغرافیائی سیاست اور تنگ مالی حالات سے نبرد آزما ہے۔
کانفرنس کی بدولت عالمی رہنماؤں کو ملکی، علاقائی اور عالمی اقتصادی حالات و واقعات پر بحث و تمحیص اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجوں کے حل کے لیے تبادلہ خیالات کے لیے منفرد پلیٹ فارم دستیاب ہو گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محمد اورنگزیب کانفرنس میں اور عالمی کے لیے ہوں گے
پڑھیں:
سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کی سفری پابندی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کی سفری پابندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ جبکہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، ایف آئی اے اور امیگریشن حکام بھی عدالت پیش ہوئے۔ عدالتی ہدایت پر بیرسٹر ظفر اللہ نے کوئٹہ پولیس کا خط پڑھا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیا کہ متعلقہ پولیس کہہ رہی ہے بندہ نہیں چاہیے، ایف آئی اے کو بھی مطلوب نہیں، جن کو چاہیے تھا ان کو بھی اب نہیں چاہیے، پھر ابھی تک نام کیوں نہیں نکالا؟
ایف آئی اے حکام نے جواب دیا کہ ای سی ایل میں نام نہیں ہے، صرف پی این آئی لسٹ میں نام ہے جو 28 مارچ کو ڈالا گیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اس لسٹ میں نام کتنے دن کے لیے ہوتا ہے اور کب مکمل ہوئی؟ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ایک ماہ کے لیے ہوتا ہے اور پھر ایک ماہ کی توسیع لینا ہوتی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ زیادہ سے زیادہ 60 روز رکھ سکتے ہیں تو اب جولائی ہے، کتنے ماہ ہوگئے ہیں؟ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ 5 ماہ ہوگئے، ابھی تک ہمیں آفیشلی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
عدالت نے ایف آئی اے افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنے وقت کیسے آپ رکھ سکتے ہیں، کس قانون کے تحت ابھی تک رکھا ہوا ہے۔ جسٹس راجہ انعام امین نے ریمارکس دیے کہ ایسے کتنے ہی کیسز ہمارے پاس آرہے ہیں، کتنی بار لکھ بھی چکے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے۔
عدالت نے سردار یار محمد رند کی سفری پابندی لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔