پارلیمنٹرینزم کا عالمی دن؛وزیراعظم کا جمہوریت، خواتین کی قیادت اور جدید قانون سازی پر زور
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹرینزم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے ہمارے عالمی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
ہر سال 30 جون کو منایا جانے والا یہ دن پارلیمانوں کے اس اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے جو وہ جامع طرز حکمرانی، خواتین اور نوجوانوں کی بامعنی نمائندگی اور قانون سازی میں تکنیکی جدت کے فروغ کے لیے ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ ہمارے جمہوری نظام کی اساس ہے، جو اپنے قانون سازی کے اختیارات اور متحرک قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے احتساب، شفافیت اور ایگزیکٹو کی نگرانی کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین، آرٹیکلز 51 اور 59 کے تحت خواتین کو مخصوص نشستوں کے ذریعے ایوان میں نمائندگی کا حق دیتا ہے اور یہ نمائندگی صرف عددی نہیں بلکہ قائدانہ کردار میں بھی سامنے آئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت 8خواتین سینیٹرز اور 4خواتین قومی اسمبلی کی اراکین پارلیمانی کمیٹیوں کی چیئرپرسنز کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جو جامع اور بااختیار قیادت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پارلیمنٹ نے صنفی مساوات اور سماجی تحفظ جیسے اہم موضوعات پر جدیدیت پر مبنی قانون سازی میں سرگرم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری کے دوران حکومت نے اپنے اتحادی شراکت داروں سے فعال مشاورت کی، جو ایک صحت مند جمہوریت کی بنیاد ہے۔
انہوں نے عالمی سطح پر پاکستانی پارلیمان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اراکین پارلیمنٹ بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں فعال ہیں اور بین الپارلیمانی یونین (IPU) جیسے پلیٹ فارمز پر امن، ترقی اور تعاون کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔
جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں پاکستان کے کثیر الجماعتی پارلیمانی وفد نے عالمی فورمز پر سفارتی رسائی کے ذریعے ملکی مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارلیمانی شفافیت اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کو اپنایا گیا ہے تاکہ جدید طرز حکمرانی کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جمہوری اقدار، شہریوں کی آواز کی حقیقی نمائندگی اور پارلیمانی اداروں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان ہی وہ فورم ہے جو قوم کی اجتماعی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے اور آج کے دن ہمیں اپنے جمہوری وعدوں کی تجدید کرنی چاہیے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سونے کی قیمت میں نمایاں کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا ایک ہزار 800 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 35 ہزار 636 روپے ہوگئی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 543 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 487 روپے مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 18 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 96 ڈالر پر آگیا۔