اسٹیبلشمنٹ کسی سیاسی عمل میں نہیں آنا چاہتی: طلال چوہدری
اشاعت کی تاریخ: 13th, July 2025 GMT
طلال چوہدری— فائل فوٹو
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کسی سیاسی عمل میں نہیں آنا چاہتی، پی ٹی آئی کو مذاکرات کرنے ہیں تو اسپیکر کی میز پر لوٹنا ہو گا۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی والے دن میں بھڑکیں مارتے ہیں اور شام میں پچھلے دروازوں سے منتیں کرتے ہیں، کسی این آر او پر بات نہیں ہو سکتی ہے، سیاسی جماعتوں کو اختلافات بالائے طاق رکھ کر متحد ہو کر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت بھی امن و امان کے قیام کے لیے پنجاب کی طرح ادارے بنائے، 90 فیصد واقعات کو ان کارروائیوں سے روک لیا جاتا یے، پہلے تھانوں چیک پوسٹوں پر حملہ کرتے تھے اب اسپتالوں، نہتے مسافروں کو نشانہ بناتے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سب کو ساتھ بٹھایا، نواز شریف پنجاب اور وفاقی حکومت کو رہنمائی دیتے ہیں۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور ارکان اسمبلی لاہور آئے شہداء کے گھر بھی چلے جاتے، کیا دہشت گردوں کے ساتھ نرم رویہ رکھنے پر شہیدوں کے گھر جانے سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی پراکسیز بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیاں کر رہی ہیں، وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے ساتھ آن بورڈ ہے، دہشت گرد اسکولوں، اسپتالوں میں حملے کرتے ہیں، مرنے والے پنجابی نہیں پاکستانی ہیں، مارنے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ہیں، دہشت گردوں کے تانے بانے بیرونِ ملک سے ملتے ہیں، دشمن چاہتا ہے کہ پنجابیوں اور بلوچوں کو آپس میں لڑائیں، روزانہ کی بنیاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 3 جوان شہید ہوتے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پنجاب نے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے عوام کو ان کا حصہ دیا، بلوچستان سے نکلنے والی گیس کا 70 فیصد بلوچستان خود استعمال کرتا ہے، پنجاب کے لوگوں نے بلوچستان کو پانی بھی دیا، پیسہ بھی دیا، پاکستان اس قابل ہے کہ فتنہ الہندوستان کو شکست دے سکے۔
اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک بار پھر حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کر دی۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر 1400 چوکیاں قائم ہیں، سرحد پر باڑ لگانے کا 92 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے،
لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نظام کے بینفشریز اور ہائی جیکرز سے گزارش ہے کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ دلائل سے ثابت کریں کہ ہم نے ملک کے خلاف سازش کی ہے، اگر ثابت ہو تو ہمیں چوک پر لٹکا دیں، لیکن پھر غلطی کی سزا صرف ہمیں نہیں ملے گی بلکہ ہر اس فریق کو ملے گی جس جس کی غلطی ثابت ہو گی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: طلال چوہدری نے کہا کہ
پڑھیں:
دہشت گردی پاکستان کےلیے ریڈ لائن ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بیرسٹر دانیال چوہدری
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وکلا برادری جمہوری اقدار کے فروغ، قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے دہشت گردی پاکستان کے لیے ایک ریڈ لائن ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پنجاب بار کونسل کے انتخابات انتہائی اہم ہیں جن کے نتائج نہ صرف وکلا برادری بلکہ ملک کے عدالتی و قانونی نظام پر بھی گہرے اثرات مرتب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں وہی پینل کامیاب ہوا جسے حکومتی حمایت حاصل تھی جو اس امر کا ثبوت ہے کہ وکلا استحکام، انصاف اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں بھی وہ امیدوار کامیاب ہوں گے جو عدلیہ کی آزادی، قانون کی حکمرانی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی قیادت انصاف کے فروغ، وکلا کے مسائل کے حل اور پاکستان کی ترقی میں فعال کردار ادا کرے گی۔
افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے افغان حکام کے ساتھ تین تفصیلی مذاکرات کیے ہیں جن میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے ایک ریڈ لائن ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسی اور دہشت گردی کی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی دہشت گردی کے اقدام کو برداشت نہیں کرے گا اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا استحکام مودی سرکار کے لیے ناقابل برداشت ہے، لیکن پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اپنے دشمنوں کے عزائم ناکام بنائے گا۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان شروع سے ہی فلسطینی عوام، خصوصاً غزہ کے مظلوم بچوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
حکومت، افواج اور عوام سب فلسطینی بھائیوں کے حامی ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بیرسٹر دانیال چوہدری نے بتایا کہ کچہری چوک کا طویل عرصے سے رکا ہوا بڑا منصوبہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، جو دو دہائیوں سے التوا کا شکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کے لیے دو پارکنگ پلازے اور نئے چیمبرز کی تعمیر کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہری سہولت کے لیے سگنل فری روڈ کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے جس سے ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو ملک شدید بحران کا شکار تھا مگر وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نہ صرف معاشی استحکام حاصل کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر اپنی ساکھ بھی بحال کر رہا ہے۔ آج پاکستان ترقی، امن اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے تو پنجاب حکومت ہمیشہ دیگر صوبوں سے آگے نظر آتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے صحت، تعلیم، اسپتالوں کی تعمیر و توسیع اور عوامی فلاحی منصوبوں میں ہمیشہ نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کے عزم پر قائم ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی، انصاف اور قانون کی بالادستی کی نئی مثال قائم کرے گا۔