لاہور: فارم ہاؤس پر سیلابی پانی میں پھنسے چھ شیر ریسکیو
اشاعت کی تاریخ: 2nd, September 2025 GMT
لاہور:
لاہور میں ملتان روڈ پر راوی کنارے واقع ایک فارم ہاؤس میں سیلابی پانی میں پھنسے چھ شیروں کو وائلڈ لائف رینجرز اور وائلڈ لائف ریسکیو فورس نے کامیاب آپریشن کے دوران بحفاظت نکال لیا۔
سیکریٹری جنگلی حیات مدثر ریاض کی نگرانی میں ہونے والے اس آپریشن میں طوفانی بارش اور پانی کے دباؤ کے باوجود رینجرز نے جانفشانی سے فرائض انجام دیے۔
ترجمان کے مطابق یہ ایک نہایت مشکل اور حساس کارروائی تھی جس میں چار کشتیاں اور ویٹنری ڈاکٹرز بھی شریک تھے، شیروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے بعد فوری طور پر ان کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا اور ان کی صحت کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس آپریشن نے نہ صرف جانوروں کی زندگی بچائی بلکہ انسانی جانوں کے ممکنہ خطرے کو بھی بروقت ٹال دیا۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے وائلڈ لائف رینجرز اور ریسکیو فورس کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور کسی جاندار کو مشکل میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ سیلابی صورتحال میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کے دوران متاثرہ علاقوں سے 7 ہرنوں کو بھی کامیابی سے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان
پڑھیں:
بدترین سیلاب، بروقت انخلا سے 25 لاکھ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنایا گیا
ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 اس وقت بھی پنجاب کے مختلف سیلابی علاقہ جات میں عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہے۔ ریسکیو عملہ ضروریات زندگی کی فراہمی میں ریسکیو بوٹ کے زریعے معاونت کررہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پنجاب میں بدترین سیلاب کے دوران پیشگی اور بروقت انخلاء سے 2.5 ملین افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنایا گیا۔ ترجمان ریسکیو 1122 پنجاب فاروق احمد نے کہا کہ قبل از وقت انخلا سے نہ صرف انسانوں بلکہ 2 ملین سے زائد جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، قبل از وقت کئی ملین افراد کا انخلاء اور جانوروں کی محفوظ منتقلی اپنی نوعیت کا منفرد اور کامیاب آپریشن تھا۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں اور جانوروں کے پیشگی انخلاء میں ضلعی مینجمنٹ کیساتھ ریسکیو کی فیلڈ فارمیشن اور ریسکیو سکاؤٹس (رضاکار) نے کلیدی کردار ادا کیا، پیشگی انخلاء میں رہ جانے والے لوگوں کے لیے سیلابی علاقہ جات میں خصوصی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ فلڈ ریسکیو آپریشن میں 1500 سے زائد کشتیوں اور ریسکیو کے تربیت یافتہ عملے نے حصہ لیا، پیشگی انخلاء سے رہ جانے والے 4 لاکھ22 ہزار سے زائد لوگوں اور 54 ہزار سے زائد جانوروں کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے مختلف اضلاع میں ریسکیو 1122 کے فلڈ ریسکیو آپریشن کو خود لیڈ کیا، ریسکیو 1122 اس وقت بھی پنجاب کے مختلف سیلابی علاقہ جات میں عوام الناس کی خدمت میں مصروف ہے۔ ریسکیو عملہ ضروریات زندگی کی فراہمی میں ریسکیو بوٹ کے زریعے معاونت کررہا ہے، متاثرہ سیلابی کے علاقوں میں فوری مدد کے لیے ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر کال کریں یا قریبی ریسکیو پوسٹ پہ رابطہ کریں۔