ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا بڑا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 16th, November 2025 GMT
صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومتی پالیسیاں ہمیں ملک گیر ہڑتال کی طرف لے جانے پر مجبور کر رہی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ سابق رکن سندھ اسمبلی اور صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پر شدید ردعمل دیا ہے۔ اپنے وڈیو بیان میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی ہم پوری ٹرانسپورٹ برادری مذمت کرتے ہیں، حکومت پیٹرولیم مصنوعات، ٹول ٹیکسز، اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ سیکٹر اور عوام دونوں ہی متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیاں ہمیں ملک گیر ہڑتال کی طرف لے جانے پر مجبور کر رہی ہیں۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ اگر حکومتی پالیسیاں اسی طرح جاری رہیں تو ہم جلد ہی اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور اپنے حقوق کیلئے مزید سخت اقدامات اٹھائیں گے۔ ملک شہزاد اعوان نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ٹرانسپورٹ برادری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اپنے کرائے 4 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں
پڑھیں:
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد: ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئے نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر نئے نرخ نافذ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران بھی مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار اضافہ کیا جا چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، جس کے باعث مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نئی قیمتیں ایک نظر میں
پیٹرول: 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر (4.40 روپے اضافہ)
ہائی اسپیڈ ڈیزل: 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر (3.62 روپے اضافہ)
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قیمتیں آئندہ حکم نامے تک نافذ العمل رہیں گی۔