علیمہ خان عدالتی تحویل کے بعد ضمانت پر رہا‘ عمر ایوب اشتہاری قرار‘پاسپورٹ ‘شناختی کارڈ بلاک
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
اسلام آباد+راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+جنرل رپورٹر ) انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو عارضی عدالتی تحویل میں لینے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کے تھانہ صادق آباد احتجاج کیس کی ہنگامہ خیز سماعت ہوئی۔ پولیس کی جانب سے ملزمہ کو تحویل میں لینے کی کوشش پر وکیل صفائی نے سخت احتجاج ریکارڈ کیا تو سرکاری پراسیکیوٹر نے اس کا دفاع کیا جبکہ عدالت نے ریمارکس دیے یہ مس انڈرسٹینڈنگ ہے، اگر آپ بروقت عدالت آجاتے تو شاید ایسا نہ ہوتا۔ علیمہ خان کمرہ عدالت موجود ہیں اور آزاد ہیں۔ سرکاری وکیل نے کہا ہمارے آٹھ گواہ آئے ہیں، ان کی ڈیوٹی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ملزمہ اور وکلاء کا طرزِ عمل ٹرائل کو متاثر کر رہا ہے۔ وکیل صفائی نے مطالبہ کیا کہ علیمہ خانم کو واپس عدالت لانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ باقاعدہ درخواست دیں، دیکھ لیں گے۔ وکلائے صفائی نے مقدمے کی سماعت یکم دسمبر (پیر) تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزمہ کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث اکاؤنٹس فریز کرنا پڑے، اگر وہ روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل میں حاضری یقینی بنائیں تو اکاؤنٹس بحال کیے جاسکتے ہیں۔ علیمہ خانم نے عدالت سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں عدالت پر یقین ہے، ہم سے انصاف ہوگا۔ عدالت نے وکلائے صفائی کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔ علیمہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا شوکت خانم اور نمل کے معاملے پر میں مجرم ثابت نہیں ہوئی تو اکاوئنٹس فریز کیسے ہو سکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے پرامن احتجاج کا پیغام دیا تھا، میرا جرم یہ ہے میں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام عوام تک پہنچایا۔ دریں اثناء انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کیخلاف 4 اکتوبر احتجاج کے کیس میں عمر ایوب کو مقدمہ سے اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے عمر ایوب کی پراپرٹی کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ عدالت نے عمر ایوب کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس پر سماعت کی۔ عمر ایوب کیخلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ نون میں مقدمہ درج ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علیمہ خان عدالت نے عمر ایوب
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔