آئی ایم ایف نے حکومتی نظام کا بیچ چوراہے بھانڈا پھوڑ ڈالا ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر
اشاعت کی تاریخ: 29th, November 2025 GMT
اسلام آباد:
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ضمنی انتخابات اور حکومتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جس طرح نظام چلا رہی ہے، عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے بیچ چوراہے بھانڈا پھوڑ ڈالا ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی جہاں سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ اس وقت ملک میں آئین، قانون اور عدلیہ ہر چیز بے معنی کردی گئی ہے، ضمنی الیکشن میں جوکچھ ہوا سب کے سامنے ہے، آج ہم نے پاکستانی عوام سے ووٹ کا حق چھین لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جس طرح نظام چلارہی ہے، عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے بیچ چوراہے بھاںڈا پھوڑ ڈالا ہے، جس ملک میں 5 ہزار ارب سے 6 ہزار ارب کی کرپشن ہو وہاں کیا حال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں لوگوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح دوسری پارٹی میں شامل کیا گیا، آزاد کشمیر میں اپوزیشن بچی نہیں تو پھر عوام نے نظام اپنے ہاتھ میں لے لیا اور ایسا نہ کریں کہ یہاں بھی وہی نوبت آئے۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت ایک سیاسی حقیقت ہیں، بانی پی ٹی آئی اس وقت سیاسی مقبول ترین لیڈر ہیں، قانون کی کتابوں کی وقعت ختم کردی گئی ہے، ملک میں غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے اور آپ کو کہتے ہیں ملک کو امن کی طرف لےکر جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما تیمور جھگڑا نے کہا کہ کل اقوام متحدہ کے کمشنر انسانی حقوق نے اپنی رپورٹ میں تشویش کا اظہار کیا ہے اور رپورٹ میں عدلیہ کی آزادی پر حیرانی کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم روز کہتے ہیں کہ عدلیہ اپنا کام ٹھیک سے نہیں کر رہی ہے، ہمارے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو دہشت گرد ڈرگ ڈیلر کہا گیا، آپ میڈیا کو جتنا بھی سینسر کر لیں عوام کے ذہن کو سینسر نہیں کرسکتے۔
ضمنی انتخابات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان نتائج کے بعد سکندر سلطان راجا اور سیکریٹری عمر حمیر کی شفاف الیکشن کیسے ترجیح ہے، این اے-18 کے پی کا سب سے بڑا حلقہ ہے، اس پولنگ اسٹیشن میں 602 پولنگ اسٹیشنز ہیں۔
تیمور جھگڑا نے دعویٰ کیا کہ شہر ناز عمر ایوب نے ایک لاکھ 49 ہزار 782 اور بابرنواز نے ایک لاکھ 24 ہزار 686 ووٹ حاصل کیے تھے، ہر تین میں سے دو پولنگ اسٹیشنز شہرناز عمر ایوب نے جیتے، اب تک فارم45، 46، 47، نہ ریلیز ہوا اور نہ ہی ای سی پی کی ویب پر اپ لوڈ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسا الیکشن چاہتے ہیں جس کو ڈبے میں ووٹ ڈالے اسی کا نکلے، الیکشن کمیشن نے اب تک صرف ایک کاغذ فارم 47 ریلیز کیا، فارم 47 ہمارے ملک کی سب سے بڑی گالی بن گئی ہے، کیوں الیکشن کے نام پر اربوں روپیہ ضائع کیا جا رہا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ نواز کھوکھر
پڑھیں:
جعلی ادویات بیچنا اب آسان نہیں! پاکستان میں پہلی بار جدید ٹریکنگ سسٹم کا نفاذ
ملک میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں ادویات کے لیے جدید ٹریک اینڈ ٹریس نظام نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو جعلی دواؤں سے محفوظ بنانا اور دوا سازی کے شعبے میں شفافیت اور نگرانی کو مزید موثر بنانا ہے۔منگل کے روز وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ نئے نظام کے نفاذ کے لیے ڈرگ لیبلنگ اور پیکنگ رولز میں ضروری ترامیم کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ ان تبدیلیوں کے بعد ایک جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا.جس کے ذریعے ادویات کی تیاری سے لے کر صارف تک پہنچنے کے پورے عمل کی نگرانی اور تصدیق ممکن ہو سکے گی۔وزیر صحت کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان سے جعلی، نقلی اور ناقص معیار کی ادویات کے خاتمے کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ملک میں دستیاب ہر دوا کو ڈیجیٹل طریقے سے ٹریک اور تصدیق کیا جا سکے گا.جس سے ادویات کے نظام میں شفافیت، تحفظ اور جوابدہی میں نمایاں بہتری آئے گی۔نئے ضوابط کے تحت تمام دوا ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات کی پیکنگ پر معیاری ٹو ڈی (2D) بارکوڈز اور سیریلائزیشن ڈیٹا درج کرنا ہوگا۔ اس نظام کے ذریعے متعلقہ ادارے ادویات کی نقل و حرکت پر پیداواری مرحلے سے لے کر صارف تک مسلسل نظر رکھ سکیں گے، جبکہ جعلی مصنوعات کی نشاندہی اور ان کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نظام مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد عوام کسی بھی دوا کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ، قیمت اور تصدیقی حیثیت سمیت دیگر اہم معلومات تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس سے مریضوں کو بہتر اور باخبر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی اور دواسازی کے شعبے پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔اس منصوبے پر عمل درآمد کی نگرانی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کرے گی جو دوا ساز صنعت کے لیے تفصیلی تکنیکی رہنما اصول بھی جاری کرے گی تاکہ نئے نظام سے مطابقت پیدا کرنے میں آسانی ہو۔ اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس پہلے ہی منعقد کیے جا چکے ہیں تاکہ منتقلی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکے۔وزیر صحت نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ڈیجیٹل نظام روایتی نگرانی کے طریقوں کی جگہ لے کر ادویات کی فراہمی کے پورے نظام کو زیادہ محفوظ اور معیاری بنائے گا۔ ان کے بقول جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستان کو خطے کے ان ممالک کی صف میں شامل کرے گا جہاں ادویات کی نگرانی اور ریگولیشن کے جدید ترین نظام رائج ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس نظام جعلی ادویات کے خلاف ایک مضبوط حفاظتی دیوار ثابت ہوگا اور عوامی صحت، انسانی جانوں اور دواسازی کے نظام پر اعتماد کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔