پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کے انتخاب کے نئے طریقہ کار پر اعتراضات
اشاعت کی تاریخ: 2nd, December 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے قبل حکومت کی جانب سے کسانوں ، خواتین ، نوجوانوں اور اقلیتی نمائندوں کے انتخاب کا نیا طریقہ کار ملک میں جمہوری اصولوں اور آئینی اختیارات کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ چکا ہے۔
حکومت نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ( ترمیمی ) ایکٹ 2025 کے تحت تجویز دی کہ مخصوص نشستوں پر نمائندے عوامی ووٹ کے بجائے بلدیاتی کونسلوں کے اندر سلیکشن کے ذریعے منتخب کئے جائیں گے ۔ حکومت کا موقف ہے کہ یہ نظام انتخابی عمل کو سادہ ، کم خرچ اور منظم بنائیگا تاہم سول سوسائٹی ، سیاسی جماعتوں اور قانونی ماہرین نے اسے جمہوری اقدار سے انحراف قرار دیا ۔
پنجاب حکومت کے مطابق یہ نیا ماڈل اس بات کو یقینی بنائیگا کہ کسان ، خواتین اور اقلیتوں کو ان کی آبادی کے تناسب سے نمائندگی ملے ۔ وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ یہ طریقہ کار انتخابی دبائو سے آزاد اور شفاف ہے جس میں مخصوص طبقات اپنے حقیقی نمائندے خود چن سکیں گے تاہم ناقدین کے مطابق یہ اقدام ووٹ کے بنیادی حق کو محدود کر دیتا ہے کیونکہ عوامی ووٹ کے بجائے چند منتخب افراد مخصوص نشستوں پر فیصلہ کریں گے ۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان ( ایچ آر سی پی ) نے اس ترمیم کو جمہوریت کی بنیادوں پر حملہ قرار دیا تحریک انصاف نے 4 نومبر 2025 کو ایک پٹیشن دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی متعدد شقیں آئین کے آرٹیکلز 17، 32 اور 140-اے سے متصادم ہیں ۔
پی ٹی آئی رہنما اعجاز شفیع کے مطابق یہ نظام ووٹر کا بنیادی حق چھینتا ہے جماعت اسلامی نے بھی علیحدہ پٹیشن دائر کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کو آئینی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔