دہشتگردی کو شکست دیکر ہر حال میں امن بحال کرینگے، وزیراعلیٰ کے پی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کےپی سہیل آفریدی کا کہنا تھا موجودہ حالات غیر معمولی ہیں، خیبرپختونخوا 4 دہائیوں سے دہشتگردی کی زد میں ہے، پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دہشتگردی کے خلاف قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردی کو شکست دیکر صوبے میں ہر حال میں امن بحال کریں گے۔ پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کےپی سہیل آفریدی کا کہنا تھا موجودہ حالات غیر معمولی ہیں، خیبر پختونخوا 4 دہائیوں سے دہشتگردی کی زد میں ہے، پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، دہشتگردی کے خلاف قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا جس جوانمردی سے پولیس دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے، اللہ تعالی کی رضا اور عوام کے مفاد کیلئے لڑیں گے توجیت ہماری ہوگی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں ہر حال میں امن بحال کریں گے، پولیس کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے، پولیس کو ہنگامی بنیادوں پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے، وسائل کی کمی کو سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشت گردی کو شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا افسران کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہو گی مگر رزلٹ دینا ہو گا، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، کسی کو کوئی رعایت نہیں ہو گی، سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز سے ناپی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا جن لوگوں کا کام انصاف دینا ہوتا ہے وہ نہیں دے پاتے جس سے چیزیں خراب ہوتی ہیں، ہم نےبانی پی ٹی آئی کےوژن کےمطابق عوام کو ریلیف دینا ہے، ہم نے عوام کیلئےہی فیصلہ سازی کرنی ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سہیل آفریدی کا کہنا کا کہنا تھا
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔