خود مختار خواتین معاشرے میں خوشحالی پھیلاتی ہیں: ڈاکٹر شمشاد اختر
اشاعت کی تاریخ: 4th, December 2025 GMT
سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ خواتین کو فیصلہ سازی میں لائیں، ہراسگی کے قوانین منظور کریں، عورتوں کو تمام شعبوں میں جگہ دیں، ملک کے ہر فرد کی مالی رسائی ہونی چاہیے، خود مختارخواتین معاشرے میں خوشحالی پھیلاتی ہیں۔
اقوامِ متحدہ اور ذیلی اداروں کی خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت اور معاشی خود مختاری بڑھانے پر اسٹیٹ بینک میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ کارپوریٹس کی پیش رفت بہتر ہے، خواتین کو سہولتیں دے کر ان کی شمولیت بڑھائی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ ویمن اینڈ گرلز کا مرتبہ بڑھتا ہے تو معاشرہ خوشحال ہوتا ہے، پاکستانی خاتون وزیرِ اعظم بن کر ملک کی خدمت کر چکی ہیں، میں گورنر اور وزیرِ خزانہ کے فرائض انجام دے چکی ہوں، خواتین ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
اقوامِ متحدہ کی خیرسگالی سفیر اداکارہ ہانیہ عامر نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ اعزاز ہے ہراسگی کے خلاف عالمی مہم کا حصہ ہوں، یو این کے لیے پاکستان میں خیرسگالی سفیر ہونا اعزاز ہے، ڈیجیٹل تشدد حقیقی تشدد ہے، مجھے بھی ڈیجیٹل ہراسگی کا سامنا رہتا ہے۔
ہانیہ عامر نے مزید کہا کہ خواتین اس تشدد سے اپنے آن لائن کاروبار ختم کر دیتی ہے، ہم خواتین انسان ہیں، ایلینز نہیں، ہمیں ہماری مرضی سے رہنے دیں، ہر فرد کی انفرادیت ہے، اسے نظر آنے دیں۔
ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک سلیم اللّٰہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی خودمختاری کا مسئلہ مل بیٹھ کر حل ہوگا، خوشی ہے کہ اسٹیٹ بینک عالمی اداروں کے ساتھ خواتین خودمختاری پر کام کر رہا ہے، ہماری کوششیں خواتین کو بااختیار بنا رہی ہے، ملک میں دو سال میں 35 ہزار خواتین کو بااختیار بننے کے مواقع دیے، ہماری افرادی قوت کا 18 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے، ملک کی خواتین کو بااختیار بنانا اسٹیٹ بینک کا عزم ہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا یہ بھی کہنا تھا کہ 14 ہزار 600 خواتین چار سال میں بینکنگ صنعت کا حصہ بنی ہیں، بینک برانچوں کو ویمن چیمپئن چلا رہی ہیں، ساری کوششوں کے باوجود بہت کچھ کرنا ہے، 48 فیصد خواتین کا بینک اکاونٹ نہیں ہے، ہم خواتین کو بااختیار بنانے کا محفوظ پلیٹ فارم دینے کے لیے پُرعزم ہیں، بااختیار خواتین کے ساتھ ہی پاکستان خوشحال ہوگا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: خواتین کو بااختیار ڈاکٹر شمشاد اختر اسٹیٹ بینک
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔