اسلام آباد بلدیاتی انتخابات، ڈی آر اوز اور آر اوز کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض
اشاعت کی تاریخ: 9th, December 2025 GMT
اسلام آباد:
الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے ڈی آر اوز اور آر اوز کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کر دیے اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اختیارات کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور نتائج کے اعلان تک برقرار رہے گا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات 15 فروری 2026 کو شیڈول ہیں، جس کے لیے مجسٹریٹ اختیارات ضابطہ فوجداری 1898 کے تحت دیے گئے ہیں، افسران انتخابی ایکٹ کی دفعات 169 اور 171 کے تحت خلاف ورزیوں پر کارروائی کر سکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انتخابی خلاف ورزی کے جرم پر سیکشن 174 کے تحت سزائیں لاگو ہوں گی اور آر اوز اور ڈی آر اوز سیکشن 190 کے تحت مقدمات کا نوٹس لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی خلاف ورزیوں کو چیپٹر XX کے تحت سمری ٹرائل کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: الیکشن کمیشن اسلام آباد کے تحت آر اوز
پڑھیں:
الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان، شیڈول جاری
اسلام آباد (نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے شیڈول جاری کردیا جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات 15 فروری کو ہوں گے، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ریٹرننگ افسرز کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے لیے پبلک نوٹس 19 دسمبر کو آویزاں کیے جائیں گے، انتخابی شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی 22 دسمبر سے 27 دسمبر تک جمع کرائے جائیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 دسمبر سے 3 جنوری 2026 تک ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ٹربیونلز اپیلیں 5 سے 8 جنوری 2026ء تک دائر کی جاسکیں گی جب کہ اپیلیں 9 سے 13 جنوری تک نمٹا دی جائیں گی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026ء ہے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 16 جنوری کو آویزاں کی جائے گی، امیدواروں کو انتخابی نشان 16 جنوری کو الاٹ کیے جائیں گے، 15 فروری کو پولنگ اور 16 فروری سے 19 فروری تک نتائج مرتب کیے جائیں گے۔