امریکی ویزا کے حصول کیلئے بھارتی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
اشاعت کی تاریخ: 28th, December 2025 GMT
بھارت میں H-1B ویزا کے حصول کے خواہش مند شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ ویزا انٹرویوز اور اپائنٹمنٹس میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اس تاخیر کے باعث بڑی تعداد میں بھارتی شہری طویل عرصے سے اپنے ہی ملک میں پھنسے ہوئے ہیں۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اعتراف کیا ہے کہ اپائنٹمنٹس کے بحران نے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو سنگین مسائل سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال کئی ماہ سے برقرار ہے اور حکومت اس مسئلے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکا کی جانب سے ویزا اسکریننگ کے عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، جس میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پبلک کرنے کی شرط، بھاری فیس، اور نئے انتخابی معیار شامل ہیں۔ ان اقدامات نے بھارتی درخواست گزاروں کے لیے H-1B ویزا کا حصول مزید مشکل بنا دیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ خود بھارتی حکومت اور میڈیا ان افراد کو ’’H-1B ویزا ہولڈرز جو بھارت میں پھنسے ہیں‘‘ کے الفاظ سے مخاطب کر رہے ہیں، جو اس بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بھارت کا ہنرمند اور تعلیم یافتہ طبقہ اپنے بہتر مستقبل کے لیے بیرونِ ملک مواقع کو ترجیح دے رہا ہے۔ ان کے مطابق بڑھتی ہوئی ہجرت کی خواہش بھارت کے اندر معاشی اور سماجی اعتماد کے بحران کی واضح علامت ہے۔
ماہرین نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ آیا بھارتی شہری اب اپنے ملک کو طویل المدتی مستقبل کے لیے محفوظ اور پُرکشش سمجھتے بھی ہیں یا نہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
’مضبوط رہیں‘، ریپر طلحہ انجم کا بھارتی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
پاکستان کے معروف ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے نئی دہلی میں تعلیمی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ انہوں نے طلبا پر ہونے والی پولیس کارروائی کے بعد ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غصے اور احساسات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
طلحہ انجم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھارتی طلبا کے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوتے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’بھارت کے طلبا مظاہرین کے نام، مجھے آپ کی ثابت قدمی کا بے حد احترام ہے، میں آپ کی مایوسی اور غصے کو سمجھ سکتا ہوں، اور یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے، مضبوط رہیں۔‘
طلحہ انجم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے موسیقاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پر ان کی مقبولیت کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ برس نیپال میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک مداح کی جانب سے بھارتی پرچم پیش کیے جانے پر وہ خبروں میں آئے تھے، بعد ازاں انہوں نے پاکستان میں اس معاملے پر وضاحت بھی کی تھی۔
سماجی اور انسانی مسائل پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے والے طلحہ انجم اس سے قبل بھی کئی معاملات پر آواز بلند کر چکے ہیں۔ اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں کے قبضے میں جانے والے پاکستانی ملاحوں کی رہائی کے لیے انہوں نے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا اور وزارتِ خارجہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل ہیلپ لائن قائم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
دوسری جانب بھارت میں تعلیمی امتحانات کے مبینہ پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے پلیٹ فارم سے ہونے والے اس دھرنے میں طلبہ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کی کوشش کے دوران پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔