کرنل نبیل احمد رانا پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر منتخب
اشاعت کی تاریخ: 2nd, January 2026 GMT
پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے کرنل نبیل احمد رانا کو متفقہ طور پر فیڈریشن کا نیا صدر اور ناجیہ رسول کو جنرل سیکریٹری منتخب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں سیکریٹری آرمی فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کرنل نبیل احمد رانا کو بلامقابلہ فیڈریشن کا صدر منتخب کیا گیا۔
کرنل نبیل احمد رانا کھیلوں کے انتظامی امور میں مضبوط کمانڈ اور مؤثر مینجمنٹ کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔
ان کا انتخاب پاکستان میں تائیکوانڈو کے نظم و نسق اور ادارہ جاتی مضبوطی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
نومنتخب صدر پی ٹی ایف کرنل نبیل احمد رانا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ارکان کا اعتماد حاصل کرنے پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ مکمل عزم، وژن اور لگن کے ساتھ پاکستان تائیکوانڈو کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، گراس روٹ سطح پر ترقی، استعداد کار میں اضافہ اور کھلاڑیوں و آفیشلز کے لیے بین الاقوامی مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ کرنل (ر) راجہ وسیم احمد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے اسپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی پر جاری کردہ حتمی وارننگ کے بعد صدر کے عہدے سے علیحدگی اختیار کی تھی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کرنل نبیل احمد رانا
پڑھیں:
پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم
روم: پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم کر دی گئی۔پاکستان کے سفیر علی جاوید اور اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے سیکرٹری جنرل، عزت مآب سفیر ریکارڈو گوارِیلیا نے حال ہی میں ایک ایسے معاہدے پر دستخط کئے ہیں. جس کے تحت سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کیلئے ویزا کی شرط ختم کر دی گئی ہے. معاہدے پر دستخط کی پُروقار تقریب اٹلی کی وزارتِ خارجہ میں روم میں منعقد ہوئی۔تقریب سے قبل دونوں اعلیٰ حکام کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی. دونوں فریقوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تزویراتی تعاون کی مضبوطی، وسعت اور مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان روایتی طور پر دوستانہ اور تعمیری دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا، جبکہ اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر جاری تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے اس معاہدے کو باہمی اعتماد اور دوستی کی عکاسی قرار دیا گیا اور اسے موجودہ دوطرفہ تعاون کے نظام میں ایک اہم اضافہ قرار دیا گیا. معاہدے سے سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی پیدا ہوگی اور دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے۔پاکستان اور اٹلی کے درمیان اس وقت متعدد نئے معاہدوں پر غور جاری ہے. اس کے علاوہ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان 21 مفاہمتی یادداشتیں (MoUs) موجود ہیں، جبکہ سیاحت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، اعلیٰ دفاعی مطالعات اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دونوں حکومتوں کے درمیان 15 معاہدے طے پا چکے ہیں۔دفاعی تعاون کا معاہدہ 2009 میں طے پایا، جبکہ 2013 میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان قائم کیا گیا، اسی طرح مشترکہ اقتصادی کمیشن 2005 میں تشکیل دیا گیا، سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ 1997 میں طے پایا، دوہری شہریت کا معاہدہ 1983 میں جبکہ حوالگیِ ملزمان (Extradition) کا معاہدہ 1972 میں دستخط کیا گیا تھا۔اس سے قبل 7 مئی 2025 کو اسلام آباد میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان ’’لیبر موبیلٹی اینڈ مائیگریشن‘‘ کے موضوع پر ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے، جو کسی یورپی ملک کے ساتھ پاکستان کا پہلا باقاعدہ لیبر معاہدہ ہے، اس معاہدے کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو اٹلی میں پاکستانی شہریوں کیلئے مختص 10,500 ملازمتوں کے کوٹے سے فائدہ اٹھانے کا موقع حاصل ہوگا۔پاکستانی سفیر نے سیکرٹری خارجہ کی جانب سے سیکرٹری جنرل کو ساتویں دورِ دوطرفہ سیاسی مشاورت میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، انہوں نے 2026 کی آخری سہ ماہی میں اس اجلاس کے انعقاد کیلئے پاکستان کی آمادگی سے آگاہ کیا اور اسلام آباد میں اٹلی کے نئے سفارت خانے کے افتتاح کی خواہش کا اظہار کیا، جو اٹلی کا بیرونِ ملک سب سے بڑا سفارتی مشن ہوگا. اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔