وینزویلا پر حملہ، امریکہ سمیت دنیا بھر میں مظاہرے: سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب
اشاعت کی تاریخ: 5th, January 2026 GMT
واشنگٹن، پیرس، روم، کراکس، نیویارک ‘ اسلام آباد(آئی این پی+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وینزویلا کو کنٹرول میں رکھنے کے بیان پر امریکہ سمیت مختلف ممالک میں امریکی حملے کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ واشنگٹن میں وائٹ ہائوس کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ وائٹ ہائو س کے باہر مظاہرین بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور نعرے لگانے کے ساتھ مظاہرین نے'وینزویلا کے خلاف جنگ نہیں' کے بینر بھی لہرائے۔ ادھر نیو یارک شہر کے ٹائمز سکوائر میں مظاہرین نے ریلی نکالی اور صدر ٹرمپ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ پیرس میں بائیں بازو کے مظاہرین نے وینزویلا پر امریکی حملوں کی مذمت کی اور وینزویلا کے جھنڈے لہرائے۔ وینزویلا کے صدر مادورو کی گرفتاری کے خلاف یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ہزاروں افراد نے مارچ کیا۔ روم میں اٹلی کے شہریوں کا وینزویلا میں امریکی آپریشن کے خلاف احتجاج اور ارجنٹینا اور کولمبیا میں بھی امریکی حملے کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ دوسری جانب امریکہ کی سابق نائب صدر اور ڈیموکریٹ سیاست دان کملا ہیرس نے وینزویلا پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کے اقدامات سے امریکہ محفوظ ہوا نہ مضبوط اور نہ ہی سستا۔ ایک بیان میںکملا ہیرس نے کہا کہ صدر مادورو کا غیرقانونی، ظالم اور آمر ہونا اس حقیقت کو نہیں بدل سکتا کہ امریکی حملہ غیرقانونی اور غیر دانش مندانہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی تبدیلی یا تیل کے لیے جنگوں کو امریکی طاقت کا مظہر بتایا جاتا ہے لیکن اس کی قیمت امریکی عوام کو اٹھانی پڑتی ہے۔ امریکی عوام جنگ نہیں چاہتے، وہ جھوٹ سن سن کر تنگ آگئے ہیں۔کملا ہیرس نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ اربوں ڈالر خرچ کر کے امریکی فوجیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ٹرمپ ایک پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جس کی اولین ترجیح امریکی عوام، محنت کش کے اخراجات کم کرنا، قانون کی حکمرانی اور اتحاد ہو۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وینزویلا میں حالیہ کشیدگی میں اضافے، بالخصوص امریکہ کی جانب سے کی گئی فوجی کارروائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کو بین الاقوامی قانون، خصوصاً اقوام متحدہ کے چارٹر کا مکمل احترام کرنا چاہئے۔ حالیہ پیش رفت میں بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کی پاسداری نہیں کی گئی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وینزویلا کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے مکمل احترام کے ساتھ جامع اور بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کریں تاکہ بحران کا پُرامن حل نکالا جا سکے۔ وینزویلا کی عدالت عظمیٰ نے نائب صدر ڈیلسی کو عارضی طور پر ملک کا صدر مقرر کر دیا۔ وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈ ریگز نے سرکاری ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے ملک پر ہونے والی مسلح جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ ملک کی دفاعی کونسل کو فعال کر دیا گیا ہے۔ روڈریگز نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مزید ردعمل آئندہ چند گھنٹوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب سے وینزویلا کی حکومت نے ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے کا جواب دینے کیلئے وینزویلا کی خصوصی دفاعی کونسل کا اجلاس بلا کر مشاورت کی۔ ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ وینزویلا کے صدر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مین ہٹن نیویارک پہنچایا گیا۔ انہیں بروکلین حراستی مرکز میں ر کھا گیا ہے۔ نکولس مادورو کو نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان پر منشیات اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلے گا۔ وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کے وینزویلا کو چلانے کے دعوے کو مسترد کر دیا اور واضح کیا کہ وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔ صدر مادورو کو اغوا کیا گیا ہے، نکولس مادورو ہی وینزویلا کے صدر ہیں۔ امریکہ رہا کرے ملک کے دفاع کے لئے عوام صبر اور اتحاد سے کام لیں، امریکی فوج کی کارروائی کے بعد ہم وینزویلا کے دفاع اور اپنے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے تیار ہیں۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ڈیلسی روڈریگز عبوری حیثیت میں صدر کے تمام اختیارات، فرائض اور ذمہ داریاں سنبھالیں گی تاکہ ریاستی امور میں تسلسل اور قومی دفاع کو یقینی بنایا جا سکے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مادورو کو تاحال مستقل طور پر عہدے سے معزول قرار نہیں دیا گیا، کیونکہ آئینی طور پر ایسا فیصلہ ہونے کی صورت میں 30 دن کے اندر انتخابات کرانا لازم ہوتا ہے۔ وینزویلا میں صدر نکولس مادورو کو اٹھائے جانے کے بعد لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک میں بھی کارروائیوں کے امکانات بڑھ گئے۔ اسی تناظر میں کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک سخت اور غیر معمولی انتباہ موصول ہوا ہے۔ کیوبا اور میکسیکو کیخلاف بھی امریکی کارروائی کا خدشہ ہے۔ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے وینزویلا کی صورتحال پر اظہار تشویش کیا ہے۔ پوپ لیو نے کہا کہ وینزویلا کو لازمی طور پر ایک آزاد ملک رہنا چاہئے۔ وینزویلا کی تشویشناک صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہر حال میں وینزویلا کے عوام کا تحفظ یقینی بنانا چاہئے۔ وینزویلا میں انسانی حقوق کے احترام پر زور دیتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وینزویلا کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وینزویلا پر امریکی حملے اور صدر کے اغوا کی مذمت کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ وینزویلا پر امریکی حملہ دہشتگردی کی بدترین مثال ہے۔ امریکی حملہ وینزویلا کی خود مختاری اور سلامتی پر حملہ ہے۔ وینزویلا وزیر خارجہ نے اظہار یکجہتی پر ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ وینزویلا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنے حق خودارادیت کے دفاع کے لئے پُرعزم ہیں۔ امریکی وزیرخارجہ نے مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکی کارروائی وینزویلا کیخلاف جنگ نہیں ہے۔ نکولس مادورو وینزویلا کے جائز صدر نہیں تھے۔ امریکہ وینزویلا میں تبدیلی کیلئے عدالتی احکامات استعمال کر رہا ہے۔ نکولس مادورو کی گرفتاری کے امریکی عدالت کے احکامات ہیں۔ منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ چاہتے ہیں وینزویلا منشیات کی سمگلنگ کی جنت نہ بنے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ وینزویلا میں کی گئی امریکی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔ امریکی اقدام خطے میں آزادی اور انصاف کی بحالی کے لئے لاطینی امریکہ میں بڑی تبدیلی آ رہی ہے، کئی ممالک واشنگٹن کے قریب آ رہے ہیں۔ پاکستان نے وینزویلا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ۔ وینزویلا میں ابھرتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے اور وینزویلا میں ہونے والی پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وینزویلا کے عوام کی فلاح و بہبود کو بڑی اہمیت اور بحران کے خاتمے کیلئے کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ وینزویلا میں مقیم پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل رابطے میں ہیں۔ پاکستان تمام فریقین پر تحمل اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ بحران کے حل کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ناگزیر ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز کو دھمکی دی ہے کہ روڈ ریگیز نے درست کام نہیں کیا تو انہیں نکولس مادورو سے بھی زیادہ بھاری قیمت چکانا ہو گی۔ نائب صدر ڈیلسی سے بات ہوئی ہے وہ وینزویلا کے معاملات چلانے میں ساتھ دیں گی۔ ڈیلسی ہماری ہر بات ماننے کو تیار ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وینزویلا پر امریکی اقوام متحدہ کے وینزویلا میں نکولس مادورو کی کارروائی نے وینزویلا امریکی حملے وینزویلا کے وینزویلا کی صورتحال پر مادورو کو صدر ڈیلسی نے کہا کہ کی مذمت کے خلاف کے صدر کے لئے
پڑھیں:
میرپور آزاد کشمیر ، مری ، کھاریاں سمیت ملک کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش
سٹی 42: میرپور آزاد کشمیر ، مری ، کھاریاں سمیت ملک کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہورہی ہے ۔
میرپور آزاد کشمیر و گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہورہی ہے ۔ بارش کے باعث شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہو گیا۔درجہ حرارت میں نمایاں کمی، شہریوں نے سکھ کا سانس لے لیا
منگلا، چیچیاں، جاتلاں، اسلام گڑھ، چکسواری اور ڈڈیال میں بھی بارش ہے ۔ تیز ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے ۔
پاکستان آسٹریلیا دوسرا ون ڈے، قذافی اسٹیڈیم میں سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات مکمل
مری میں کالی گھٹائیں برس پڑیں، بارش سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا۔بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے مری کے حسن کو چار چاند لگا دیئے۔
گرم علاقوں سے آئے سیاح خوشگوار موسم سے بھرپور لطف اندوز ہونے لگے۔ بارش کے بعد سیاحتی مقامات پر رونقیں بڑھ گئیں۔
کھاریاں میں گرج چمک اور تیز ہوا کیساتھ بارش ہے ۔ بجلی بند موسم خوشگوار ہو گیا۔
بارش سے گرمی کی شدت کم ہو گئی۔